ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اخترکی خصوصی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد طلحہ شیروانی نے طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے اور عملے کی حاضری چیک کرنے کے لیے رات گئے مختلف بنیادی مراکز صحت کا دورہ کیا۔سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد طلحہ شیروانی نے بنیادی مرکز صحت پنواں میں چیکنگ کے دوران چوکیدار کو غیر حاضر پایا۔اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد طلحہ شیروانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر کے ہسپتالوں کے اچانک دورے جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب ، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ہسپتالوں کے اچانک دورے کرکے ڈاکٹرز و عملے کی حاضری کو یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اچانک دوروں کا مقصد عوام الناس کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور طبی عملے کی حاضری کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں سے غیر حاضر عملہ کسی رعایت کا مستحق نہیں ہے ان کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بنیادی مرکز صحت پنواں کے غیر حاضر چوکیدار کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔سی او ہیلتھ نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عوام الناس کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔