ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع ننکانہ صاحب میں عوامی مسائل کے بروقت حل کیلئے اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راﺅروزانہ کی بنیاد پر اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مسائل سن کر انکے فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کے سیوریج ، ریونیو ، صفائی ستھرائی و دیگر عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب نے اوپن ڈور پالیسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ صبح 10 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک تمام ضلعی افسران عوامی مسائل سن رہے ہیں ، عوام کے مسائل کا حل اور شکایات کا فوری ازالہ پنجاب حکومت کی پالیسی اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کا سلسلہ روزانہ کی بنیادوں پر جاری رہے گا ، شہری اپنے مسائل کے حل کیلئے سرکاری دفاتر میں تشریف لائیں تاکہ انہیں فوری ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ سائلین کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ، اوپن ڈور پالیسی کے مطابق میرے دفتر کے دروازے عوام الناس کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔