
کراچی: نیشنل ڈس ایبلٹی اینڈ ڈویلپمنٹ فورم (NDF) پاکستان کے صدر عابد لاشاری کو لاہور میں منعقدہ معذور افراد کی صوبائی کانفرنس پنجاب کے دوران دی شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے باوقار تقریب میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر خالد جمیل “بگ برادر” کی طرف سے پیش کیا جانے والا یہ ایوارڈ معذور افراد (PWDs) کے حقوق کے لیئے کی گئی جدوجھد میں عابد لاشاری کی انمول شراکت اور بحالی کی خدمات فراہم کرنے میں ان کی وقف کاوشوں کو تسلیم کیا گیا، خاص طور پر سندھ میں ذہنی معذور بچوں کے بحالی مراکز کا قیام اور دیگر خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ دیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام دی شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن نے کولیشن فار انکلوسیو پاکستان (سی آئی پی) اور ٹرسٹ فار ڈیموکریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاونٹیبلٹی (TDEA) اسلام آباد کے تعاون سے کیا تھا۔ کانفرنس نے معذوری کے حامل کارکنان و سربراہان، پالیسی ساز، اور کمیونٹی لیڈروں کو شامل کرنے والی پالیسیوں پر تبادلہ خیال اور آگے بڑھانے کے لیے اکٹھا کیا گیا۔ عابد لاشاری نے کہا، “یہ اعزاز صرف ایک ذاتی اعزاز نہیں ہے بلکہ ان تمام لوگوں کی اجتماعی کوششوں کا ثبوت ہے جو معذور افراد کو بااختیار بنانے کے لیے انتھک محنت کرتے ہیں۔ میں منتظمین کے تعاون اور تعریف کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘ سماجی تنظیم این ڈی ایف پاکستان عابد لاشاری کی قیادت میں ایک متحرک اور اہم تنظیم کے طور پر ابھری ہے جو معذوری کے حقوق اور بحالی، شمولیت کو فروغ دینے، اور ملک بھر میں ذہنی معذوری کے شکار بچوں کی فلاح و بہبود و بحالی کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔