حیدرآباد / گورنمنٹ غزالی کالج لطیف آباد میں یومِ تشکر کی پروقار تقریب افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی، وطنِ عزیز کے تحفظ کے عزم کا اعادہ
گورنمنٹ غزالی کالج لطیف آباد یونٹ کی جانب سے پاک افواج سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔ موجودہ ملکی حالات کے پیشِ نظر یہ تقریب نہ صرف حب الوطنی کے جذبے سے سرشار تھی بلکہ قوم اور افواج کے درمیان ایک مضبوط رشتہ کی عکاس بھی ثابت ہوئی۔
تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد پاک سرزمین کی سالمیت و استحکام، شہداء کے درجات کی بلندی، اور ملک کے روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ طالب علموں نوجوانوں کا افواجِ پاکستان کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اے پی ایم ایس او کے مرکزی رکن سید عماد علی عابدی، حق پرست رکنِ صوبائی اسمبلی انجینئر صابر حسین قائم خانی، ڈسٹرکٹ ممبر محب خان، سیکٹر آرگنائزر حماد رضوان، جوائنٹ سیکٹر آرگنائزرز و پول ممبران عبدالغفار ناغڑ اور فرقان میئو نے خصوصی شرکت کی اور افواجِ پاکستان کے سپاہی سے سپہ سالار تک، سب کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
اے پی ایم ایس او کا ہر نوجوان، ہر طالب علم اور ہر ذمہ دار افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ دشمن کی ہر سازش کا جواب ہم افواج کے ساتھ یکجہتی سے دیں گے۔ موجودہ صورت حال میں جب دشمن عناصر افواجِ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، ایسے میں قوم کا ہر فرد، ہر طالب علم، اور ہر باشعور شہری چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔ ملک کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے ان مجاہدوں کو سلامِ عقیدت پیش کیا گیا، جنہوں نے اپنے خون سے وطن کی مٹی کو محفوظ رکھا۔
بعد ازاں وفد نے پرنسپل پروفیسر فاروق جان، پروفیسر فرحت سعیدی اور کالج کی دیگر انتظامیہ سے ملاقات کی جس میں ادارے کو درپیش مسائل، تعلیمی ماحول کی بہتری، اور عنقریب شروع ہونے والے BS پروگرام کے حوالے سے مفید مشاورت کی گئی۔
تقریب میں گورنمنٹ غزالی کالج لطیف آباد یونٹ کے یونٹ انچارج علی عباسی، یونٹ ممبران حسن لودھی،مدثر علی اور دیگر نوجوان ساتھیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ملک و ملت سے اپنی لازوال وابستگی کا ثبوت دیا۔