حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ حیدر
ڈویژن کی جانب سے صحافی برادری کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ حیدرآباد ڈویژن کے صدر عقیل احمد نے کہا کہ ہماری جماعت نہ صرف آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے بلکہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھی کوشاں ہے مرکزی میڈیا سیل نے ملک بھر کے پریس کلبوں میں ڈیجیٹل ٹریننگ سیشنز کا انعقاد کیا ہے، جن میں لاہور اور فیصل آباد کے پریس کلب شامل ہیں اور جلد ہی حیدرآباد میں بھی ایسی ٹریننگز جدید اسکلز پر پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی دہشت گرد مساجد میں خودکش حملے کررہے ہیں ، ملک بھر میں باہر سے آنے والی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایکشن لینے کی ضرورت ہے منصوبہ بندی تو بہت ہوگئی 10سالوں سے اس دہشت گردی نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے وہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر انتظام غریب و مستحق افراد میں راشن تقسیم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر ایم کیوایم زونل آرگنائزر ظفر صدیقی، کے کے ایف حیدرآباد کے انچارج ڈاکٹر طاہر خانزادہ نے بھی خطاب کیا تقریب میں چار ہزار کے قریب مستحق افراد میں راشن تقسیم کیاگیا ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ اس جاگیردارانہ جمہوریت سے خیر برآمد نہیں ہوسکتی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پالیسیاں بنانے کے بجائے ایکشن لینے کی ضرورت ہے دہشت گردوں نے بلوچستان میں جو کارروائی کی ہے اس طرح کی کارروائیاں رمضان کے مقدس مہینے میں بدترین قبائل بھی نہیں کرتے تھے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کی بات کرنے والے یہ تو بتائیں کہ شہری علاقوں کو وہ کتنا پانی دے رہے ہیں سب سے پہلے پینے کے پانی کی اہمیت ہے، کراچی کو کیا اس کو حصے کا 37فیصد پانی مل رہا ہے ، نہروں کے مسئلے پر تمام صوبوں کو اعتماد میں لے کر حتمی فیصلہ کرنا چاہئے ، چھ نہریں نکالی جارہی ہیں جن میں ایک کے پی کے کی، ایک پنجاب اور دو سندھ کیلئے ہیں کہا جاتا ہے کہ پاکستان میں سب سے بہترین نہری نظام ہے تو پھر یہ پانی کا مسئلہ کیوں پیدا ہورہا ہے؟ نہروں کے معاملے پر سیاست کے بجائے ماہرین کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کئے جائیںسندھ میں احتجاج کرنے والے یہ بتائیں کہ وہ سندھ میں پانی کی تقسیم منصفانہ بنیاد پر کررہے ہیں ہم نے وزارت اپنی خواہش پر نہیں لی بلکہ جمہوریت کو کندھا دینے کیلئے لی ہے حیدرآبا دمیں ایک یونیورسٹی بنائی گئی ہے جلد ہی این ای ڈی اور دیگر یونیورسٹی کے کیمپس بھی یہاں لائے جائیں گے کراچی میں سات اضلاع ہیں وہاں ایک یونیورسٹی ہے جبکہ ہر ضلع میں ایک یونیورسٹی ہونی چاہئے تھی ہم جلد ہی وہاں بھی یونیورسٹیاں لائیں گے ایم کیوایم روایت شکن اور اچھی روایت کی امین تنظیم ہے۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سجاگ بار تحریک نے دریائے سندھ سے 6نئی نہریں نکالنے اور کارپوریٹ فارمنگ کیخلاف 21 مارچ کو عالمی یوم آب کے موقع پر سندھ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا سجاگ بار تحریک کے مرکزی صدر فاضل کھوسو نے حمید خشک، فاضل بلاول لاشاری اور سنیل گورایو کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی زمینیں غیر مقامی افراد کو دی جا رہی ہیںاور دریائے سندھ کا پانی گزشتہ ایک صدی سے مسلسل لوٹا جا رہا ہے حال ہی میں زرعی انقلاب کے نام پر سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین سامراجی کمپنیوں کے حوالے کردی گئی اس سے قبل 1960 میں ذوالفقار علی بھٹو نے ایوب خان کے ساتھ مل کر بھارت سے آبی معاہدہ کیا اور سندھ کی حصہ داری والے ستلج، بیاس سمیت تین دریاؤں کو بھارت کے حوالے کر دیا اس کے بعد تربیلا ڈیم کی تعمیر اور ”تونسہ پنجند کینال” کے ذریعے پانی کی چوری نے سندھ کے عوام کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے آصف علی زرداری کے دور حکومت میں ”ارسا ایکٹ” میں ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے دریائے سندھ سے چھ نئی نہریں نکالنے کی اجازت دی گئی ہے۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)محکمہ بہبود آبادی حیدرآبا دکے ملازمین نے ضلعی اکاؤنٹ آفیسر راجہ اکبر شیخ کی مبینہ کرپشن اور اقرباء پروری کیخلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ لغاری، امتیاز پلھ اور فرمان بگھیو نے الزام لگایا کہ ضلعی اکاؤنٹ آفیسر راجہ اکبر شیخ کرپشن اور اقرباء پروری میں مصروف ہے من پسند میل موبلائزر کو تنخواہیں دی جارہی ہیں جبکہ 8میل موبلائزر سات ماہ کی تنخواہیں نہ ملنے کے سبب فاقہ کشی کا شکار ہیں رمضان کے مقدس مہینے میں تنخواہیں نہ ملنے کے باعث ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ارباب اختیار کرپٹ اکائونٹ آفیسر کیخلاف کارروائی کریں۔
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)ٹنڈومحمد خان کے گوٹھ پیجو کولھی کے رہائشی کولھی برادری کے افراد نے گھروں پر حملے ، تشدد اور سنگین نتائج کی دھمکیوں کیخلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں شریک مظاہرین نے الزام لگایا کہ گوٹھ کے بااثر افراد سرکاری زمین پر 100سال سے قائم گوٹھ پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور گوٹھ کی زمین خالی کرانے کیلئے طارق عثمان بھٹی، عبدالرحیم ملاح، ساجد عباسی نے سات مارچ کو گھر میں خواتین ، مرد اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، دھمکیاں دیں ان کیخلاف تھانے میں رپورٹ درج کرانے کی کوشش کی تو پولیس نے رپورٹ درج کرنے سے انکار کردیا انہوںنے مطالبہ کیا کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآبا دکے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے دریائے سندھ سے نہریںنکالے جانے اور کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر سندھ کی زمین پر قبضے ، پیپلزپارٹی کی دوہری پالیسی کیخلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جس سے سنتوش کمار، ساون ساگر، افشین میمن اور رابعہ چانڈیو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں پانی کی پہلے ہی کمی ہے اس کے باوجود دریائے سندھ سے چھ کینالز نکالنے کا منصوبہ سندھ کو تباہ کرنے کی سازش ہے صدارتی عہدے پر بیٹھے آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کے رہنماء دوغلاپن کر رہے ہیں کینالوں کی تعمیر کیخلاف ان کی بیان بازی صرف ڈرامہ ہے۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد کے گوٹھ لالو لاشاری کے بیمار اور لاچار بزرگ امیر علی نے اپنے بچوں کے ہمراہ مالی مدد کیلئے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بیمار اور بے بس، گھر کے واحد کفیل ہیں، لیکن بیماری کے باعث کوئی کام نہیں کر سکتے، نہ ہی ان کا اپنا گھر ہے کرائے پر رہتے ہیں حکومت یا مخیر حضرات ان کے بچوں کو فاقہ کشی سے بچانے اور گھر فراہم کرنے کیلئے مدد کریں۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان نوناری اتحاد کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے پروفیسر فہیم نوناری اور دیگر کی قیادت میں ڈاکٹر عبدالکریم نوناری کے گوٹھ پر بھیو گینگ کے کارندوں کی فائرنگ کے واقعے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پرمذکورہ رہنماؤں نے کہا کہ چار دن قبل کندھ کوٹ کے قریب ڈاکٹر عبدالکریم نوناری کے گوٹھ میں بھتہ نہ دینے پر بھیو گینگ کے کارندوں نے فائرنگ کرکے خوف و ہراس پھیلا پولیس ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی بھیو گینگ سمیت مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)کامران ریاض آرٹ پروموٹرز اور آرٹسٹ ویلفیئر آرگنائزیشن و کرن میڈیا گروپ کی جانب سے مذکورہ تنظیم کی کمسن چیئرپرسن شہر کی معروف چائلڈ آرٹسٹ عائشہ کامران کی سالگرہ کی شاندار تقریب رمضان المبارک میں قاسم آباد کے مقامی بینکوئٹ میں سجائی گئی جس میں معروف نعت خواں جاوید چنہ ،پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی رہنماء سلطانہ سورٹھ اور مشتاق چانڈیو نے حضور پرنور حضرت محمد ۖ کی شان میں نہایت خوش الہانی سے ہدیہ نعت پیش کرکے تقریب کو عشق رسول سے گرماکر چار چاند لگادیئے جبکہ تقریب میں شریک حیدرآباد شوبز کی جن اہم اور کلیدی شخصیات نے عائشہ کامران کو پھولوں کی مالائیں پہنا کر گلدستے اور تحائف کے علاوہ لفافوں کے ذریعے اپنی محبت کا اظہار کیا ان میں فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم ثقافتی تنظیم ہوا آرٹسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین و معروف اداکار نواب اسرار الحق لغاری،سندھ آرٹس کونسل سندھ کے چیئرمین رمیش کمار مہیشوری،ماروی آرٹس کونسل کے سربراہ قاضی ذو الفقار علی پلی،اسٹیپس کے بانی و جنرل سیکریٹری عقیل قریشی،نیو حیدرآباد اسٹیج کونسل کے چیئرمین معروف اداکار و آرگنائزر خالد عمران،حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اسٹیج ٹی وی اور فلم کے معروف اداکار شبیر مراد ،طیب علی،شیراز حسین میمن،ولی محمد بھٹی،زوار خالد حسین کلیار،امتیاز خواجہ،عارف ببلی،سندھ کے نامور شاعر عاشق ہالائی،سندھ آرٹس کونسل کے خازن خیر محمد بھانیجو،شہر کی معروف و مصروف ترین فنکارہ سدرہ شیخ،پارس ریاض،آرٹسٹ ویلفیئر آرگنائزیشن کی سرپرست اعلیٰ شہناز صدیقی راہو ودیگر شامل تھے اس موقع پر ایک بار پھر اسرار لغاری اور ولی محمد بھٹی کی عمرے کی ادائیگی پر انہیں پھولوں کی مالائیں پہنا کر پذیرائی بھی کی گئی تقریب میں پارس ریاض پروڈکشن کے 15اپریل سے شروع ہونے والے تھیٹر فیسٹیول 2025میں پیش کئے جانے والے ڈراموں کی ترتیب کیلئے قرعہ اندازی بھی کی گئی جس میں پہلا ڈرامہ عمر بھٹہ کا تحریر کردہ شہر کے نامور اداکار ناصر خان بونیری کے زیر ہدایت پیش کیاجائے گا جبکہ15اپریل کو سندھی ڈرامہ جس کے مصنف عمران مغل ہیں ہدایت کارہ سدرہ شیخ کی ڈائریکشن میں پیش ہوگا 17اپریل کو سید سرور ندیم کا تحریر کردہ ڈرامہ آگ میں پھول خالد عمران کی ہدایت میں پیش ہوگا 18اپریل کو مصنف رشید صابر کا تحریر کردہ سندھی ڈرامہ بہ واٹوں نکلا رمیش کمار کی ہدایت میں 19اپریل کو شاکر جمال کا تحریر کردہ اردو ڈرامہ ماں کے آنسو غمگین خان کے زیر ہدایت 20اپریل کو خیر محمد بھانیجو کا تحریر کردہ ڈرامہ برداشت خالد حسین کلیار کے زیر ہدایت 21اپریل کواسحق راجو کا تحریر کردہ ڈرامہ تاج محل برائے فروخت جہانزیب خان کے زیر ہدایت22اپریل کو عبد الحق ابڑو کا تحریر کردہ سندھی اسٹیج ڈرامہ واہ سوہناتنجھی لے مشتاق چانڈیو کے زیر ہدایت 23کو یعقوب رشید کا تحریر کردہ اردو ڈرامہ میری سوچ غلط تھی عبد اللہ خان کے زیر ہدایت جبکہ فیسٹیول کا آخری اور منظور بلوچ کا تحریر کردہ سندھی ڈرامہ سسی ائیں سورعقیل قریشی کے زیر ہدایت پیش کیاجائے گا یہ تمام ڈرامے مہران آرٹس کونسل لطیف آباد میں اسٹیج کئے جائیں گے۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پروگریسو اسٹوڈنٹس فیڈریشن، ناری جمہوری محاذ، حیدرآباد اسٹوڈنٹ الائنس اور دیگر طلبہ تنظیموں کی جانب سے دریائے سندھ پر کینالز بنانے کیخلاف نسیم نگر سے حیدرآبادپریس کلب حیدرآباد تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی مظاہرین دریائے سندھ پر کینال کی تعمیر کیخلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے اس موقع پر رہنمائوں کامران سومرو، آزاد مستوئی، آفتاب جتوئی، جے کمار اور ڈاکٹر عاقب اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ پر کینالز کی تعمیر سندھ کے وسائل پر قبضے کی سازش ہے، جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا کارپوریٹ فارمنگ اور گرین پاکستان کے نام پر دریائے سندھ کے پانی پر قبضہ بھی کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے منصوبے فوری ختم کئے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیاجائے گا۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں بھی مہنگائی پر قابو پانے میں پرائس کنٹرول اتھارٹی مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے حکومت کی پالیسیاں صرف کاغذوں کی حد تک محدود ہیں، جبکہ عملی طور پر عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جا سکا قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے بجائے، انتظامیہ تاجروں کو نشانہ بنا رہی ہے اور بے جا چالان اور جرمانوں کے ذریعے اُنہیں ہراساں کیا جا رہا ہے جو سراسر نااِنصافی ہے دنیا کے کئی مسلم اور غیر مسلم ممالک میں رمضان المبارک کے دوران عوام کو اشیائے خوردونوش پر خصوصی سبسڈی دی جاتی ہے تاکہ مہنگائی کے بوجھ کو کم کیا جا سکے لیکن پاکستان میں صورتحال اِس کے برعکس ہے حکومت نہ تو عوام کو کوئی ریلیف دے رہی ہے اور نہ ہی قیمتوں کے استحکام کیلئے کوئی عملی اقدام کر رہی ہے۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآبادحافظ طاہر مجید، نائب امراء عقیل احمد خان، عبدالقیوم شیخ، جنرل سیکریٹری حنیف شیخ، ڈپٹی جنرل سکریٹری عبدالباسط خان اور حافظ سفیان ناصر نے اپنے بیان میں جماعت اسلامی کی سابق رکن سندھ اسمبلی کلثوم نظامانی کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے مغفرت اورلواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ حیسکو کے ڈیٹا کوڈر کے تین ملازمین کو اسکیل 15 سے 16 میں سپروائزر ڈیٹا کوڈر ترقیاں، ڈپلومہ کی بنیاد پر13اے ایل ایم،4ایل ایم ون کی ایل ایس ٹو اسکیل 14میں ترقیاں ، مختلف حیسکو دفاتر کے زیر التواء میڈیکل ، میرج گرانٹ، کرایہ مکان ، ٹی اے ، اوور ٹائم، آف ڈیز ، انکیشمنٹ کی ادائیگیاں جبکہ سیپکو میں مرحوم ملازمین کے اہل خانہ کیلئے وزیر اعظم پیکیج ، لم سم پلاٹ کے ضمن 20سے 50 لاکھ روپے کی ادائیگیاں یونین کی کاوشوں کے باعث کرادی گئیں ہیں جبکہ دیگر مراعات اور زیر التواء ادائیگیاں بھی عید الفطر سے قبل کرادی جائیں گی وہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر حیسکو فیض اللہ ڈاہری سے ایک وفد کے ہمراہ ملاقات کے بعد گفتگو کررہے تھے اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اقبال احمد خان، اعظم خان اور نور احمد نظامانی کے علاوہ ڈائریکٹر ایچ اینڈ آر حیسکو شفیق احمد میمن اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسامہ رضی نے کہاہے کہ معاشی طور پر ملک کے حالات بہت خراب ہو گئے ہیں لوگ اجتماعی خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں ملک کا موجودہ نظام عوام کو تحفظ دینے معاشی سپورٹ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکا ہے جماعت اسلامی یوتھ کے تحت لطیف آباد یونٹ نمبر6نرسری پارک میں گرینڈ یوتھ افطار کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل صرف اسلام اور قرآن سے وابستہ ہے بحیثیت قوم یہی کامیابی، عزت اور بقا کا راستہ ہے سوچنے کی بات ہے کہ جس کلمہ طیبہ کی بدولت رمضان المبارک میں ہمیں پاکستان ملا جماعت اسلامی قیام پاکستان کے اصل مقصد اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کی جدوجہد کررہی ہے اس موقع امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید، جنر ل سیکریٹری حنیف شیخ، اسلام 360کے بانی زاہد حسین چھیپا، جے آئی یوتھ حیدرآباد کے صدر عرفان قائمخانی ، چیئرمین یوسی 124آفاق نصر نے بھی خطاب کیا ۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)محکمہ اطلاعات حکومت سندھ حیدرآباد کے سابق آفس سپرنٹنڈنٹ ملک حبیب اللہ کے انتقال پر بھائی خان ویلفیئر ایسوسی ایشن کا تعزیتی اجلاس ویلفیئر کے مرکزی آفس میں منعقد ہوا جس میںویلفیئر کے بانی حاجی محمد یاسین آرائیں ،سرپرست حاجی اشرف عباسی ،صدر عبداللطیف شیخ،سینئر نائب صدر خان آفتاب احمد خان، نائب صدر شاہد راجپوت،جوائنٹ سیکریٹری محمد اسماعیل شیخ اور محمد حنیف شیخ نے شرکت کی اجلاس میں مرحوم کیلئے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)لائرز اینڈ فریڈم فورم کی جانب سے مقامی بینکوئٹ میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیاجس میں حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اشعر مجید کھوکھر ایڈووکیٹ ، سابق صدر ضیا الدین شیخ ایڈووکیٹ ، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عرفان بگھیو ایڈووکیٹ ، ایڈووکیٹ عشرت لوہار ، ایڈووکیٹ اسرار خانزادہ ، روشن عظیم ملاح ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ،خرم راجہ ایڈووکیٹ ، نعمان راجہ ایڈووکیٹ ، ظہیر سہتو ایڈووکیٹ ، عارف ریاض خان اے ایس پی سینٹرل جیل حیدرآباد ، رحیم میمن سابق ایم ایم سی ڈسٹرکٹ بار حماد شاہ ، ایڈووکیٹ عباس جعفری ، سماجی رہنما سید فہیم الدین، ایوب شیخ صدر ایپکا ڈی جی ہیلتھ آفس یونٹ و دیگر نے شرکت افطار پارٹی میں آنے واے مہمانوں کو ویلکم کیا گیا اوران پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)مرکزی پریس ترجمان جماعت القریش کے اعلامیہ کے مطابق قریشی برادری کی مرکزی تنظیم جماعت القریش پاکستان کے چیئرمین رفیق احمد چاند رحیم یار خان والے نے نوٹیفکیشن جاری کئے جس کے مطابق صوبہ سندھ کے صدر رحیم قریشی حیدرآباد والے اورحیدرآبادڈویژن کے صدر ایڈووکیٹ شفقت علی قریشی ہوں گے قریشی برادری کے لوگ اپنے مسائل اور دیگر معاملات کیلئے ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ٹیلنٹ آف پاکستان یوتھ فانڈیشن کی بانی و سی ای او موٹیویشنل پبلک ا سپیکر سبین جاوید کی جانب سے مقامی مال میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں میجر مطاہر الاسلام، ایم پی اے صابر قائمخانی، ڈی ایچ او ڈاکٹر لالہ جعفر، انچارج ہائیڈ ریسکیو 1122روشن علی مہیسر تھے غلام مرسلین موٹیویشنل پبلک اسپیکر،اسٹیوٹا انسٹیٹیوٹ کی میڈم ثروت ، سعید قائم خانی، غازی صلاح الدین، اور ارباز بلوچ تھے پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول سے ہوا، قومی ترانے کیلئے کھڑے ہو کر جعفر ایکسپریس کے شہدا کیلئے دعابھی کی گئی دعا کے بعد موٹیویشنل اسپیکر غلام مرسلین نے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا تمام شرکا کو اجرک ،سووینئرز اوردیگر تحائف پیش کئے گئے اور ٹیم ممبران علینہ، اشفاق، ثنا، دانیال، صنم کو بھی تعریفی ٹوکن پیش کیاگیا۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد سٹی بزنس فورم کے صدر طاہر شاہ اور جنرل سیکریٹری جمیل احسن ودیگر نے صلاح الدین خان غوری کو انجمن تاجران سندھ حیدرآباد ڈویژن کا صدر نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نامزدگی ان کی محنت، دیانت داری اور تاجر برادری کیلئے انتھک خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے،آل پاکستان غوری کمیونٹی آرگنائزیشن کے صدر محمد امین خان غوری واراکین مرکزی کمیٹی ،فزاع انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے چیئرمین محمد علی قریشی اورانجمن تاجران سندھ کے صدر وقار حمید میمن نے بھی تاجر برادری کے سرگرم رہنماء صلاح الدین غوری کو انجمن تاجران سندھ حیدرآباد ڈویژن کا صدر نامزد کر دیا ہے اس اہم فیصلے کو تاجر برادری اور سماجی حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے یوتھ ویلفیئر سوسائٹی حیدرآباد کے چیئرمین اشفاق احمد قریشی نے بھی ان کی نامزدگی کی تعریف کی ہے۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جماعت اصلاح المسلمین ضلع حیدرآباد کے زیراہتمام برانچ گاڑی کھاتہ کے سرپرست خلیفہ نثار احمد صدیقی کے زیرصدارت یوم شہدائے بدر عقیدت و احترام سے منایا گیا جس میں خالد قریشی ،نسیم طاہری، عبدالمجید طاہری اوررئیس احمد طاہری نے حضور ۖکی شان میں نعت اور جماعت اصلاح المسلمین کے سربراہ پیر سجن سائیں کیلئے منقبت کے نذرانے پیش کئے گئے اس موقع پر برانچ سرپرست خلیفہ نثار احمد صدیقی طاہری ، شیر دین طاہری ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے شہدائے بدرکی شان اور مرتبہ بیان کیا قبل ازیں ماہانہ میٹنگ ہوئی جس میں رکنیت فارم برائے مالی تعاون دیئے گئے اور ہر ضلعی عہد یدار و معاون کو دو تا تین برانچ مختص کی گئیں۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو کے احکامات پرڈی ایس پی سٹی عبد الرحمن بروہی کی سربراہی میں ایس ایچ او سٹی غلام حیدر شاہانی،ایس ایچ او فورٹ عمران رشید شیخ اور انچارج مددگار ون فائیو سٹی راجہ سہیل کی جانب سے کومبنگ آپریشن کیا گیا جس کے دوران سٹی ایریا کے مختلف علاقوں میں مسافر خانوں،شاہراہوں ، مارکیٹوں بالخصوص ہوٹلز میں قیام پذیر متعدد مشکوک افراد کوچیک کیا گیا اور حراست میں لے کر ان کا کرائم ریکارڈ بھی دیکھا گیا بی سیکشن پولیس کے ایس ایچ او انسپکٹر طاہر حسین مغل نے بھی اپنے اسٹاف کے ہمراہ رات گئے تھانے کی حدود میں قائم مختلف ہوٹلز/ریسٹورنٹس پر بیٹھے مشتبہ افراد کو چیک کیا اور ان کی جانچ پڑتال کی ایس ایس پی حیدرآباد کی جانب سے یہ کارروائیاں ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم پر قابو پانے کیلئے کی جارہی ہیں۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ سٹی بابر صالح راہپوٹو اور مختیار کار جواد پاٹولی نے بازاروں کا اچانک دورہ کر کے گراں فروشی پر 10دکانداروں سے10ہزار روپے ،اے سی لطیف آباد سعود بلوچ، مختیارکار علی شیر بدرانی اور اسسٹنٹ مختیار کار اسد اللہ جونیجو نے مختلف مارکیٹوں میں کارروائی کے دوران گراں فروش 9دوکاندار پر 10ہزار500روپے ،تعلقہ قاسم آبادکے اسسٹنٹ کمشنر حتف سیال اور مختیار کار فرحان جتوئی نے17دوکانداروں پر12 ہزار روپے اوراسسٹنٹ کمشنر تعلقہ دیہی گوہر مسرور اور مختیار کار ماجد سپیو نے 4دکانداروں پر3ہزار500روپے جرمانہ کیا ۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ون وہیلرنوجوانوں کیخلاف ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن انسپکٹر طاہر حسین مغل نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ لطیف آبادیونٹ نمبر 5,6,9اور 10کے مختلف روڈز پرکارروائی کرتے ہوئے 13کم عمر نوجوانوں کی موٹر سائیکلوں کو سی آر پی سی550کے تحت پولیس تحویل میں لے لیاپولیس ترجمان کے مطابق یس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو کی جانب سے خصوصی طور پر والدین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں موت کے کھیل ون وہیلنگ سے روکیں اور انہیں قانون کی پاسداری کی ہدایت کریں ۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی صوبہ سندھ کے سینئر نائب صدر ہاشم خان نے اپنے بیان میں دہشت گردوں کی جانب سے کوئٹہ سے 157کلو میٹر دور مشکاف ٹرمنل کے مقام پر جعفر ایکسپریس پرحملہ کرکے440مسافروں کو یرغمال بنانے کو دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے ٹرین حملے میں 21مسافروں اور 4ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اورکہا ہے کہ پاک فوج کی بروقت کارروائی اور کلیئرنس آپریشن کے دوران تمام 33دہشت گردوں کو واصل جہنم کرنے اور بقیہ مسافروں کو با حفاظت نکالنے کے عمل پرجتنی تعریف کی جائے کم ہے دہشت گردی کیخلاف پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔