(ڈاکٹر بلال لودھی بیورو چیف ڈیرہ غازی خان)کینسر ہسپتال ڈیرہ غازی خان کے قیام کے لیے ڈی جی خان میں زمین کے تعین کا عمل شروع
وزیراعظم آفس نے پنجاب حکومت کو ڈی جی خان میں کینسر ہسپتال کے لیے زمین کے تعین کے حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا ہے
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی درخواست پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے علاقے میں کینسر ہسپتال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ہسپتال کے قیام سے نہ صرف ڈیرہ غازی خان بلکہ قریبی اضلاع کے مریضوں کو بھی فائدہ ہوگا، جو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری مراسلے میں پنجاب حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد مناسب زمین کی نشاندہی کرکے رپورٹ پیش کرے تاکہ منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جا سکے۔
یہ اقدام جنوبی پنجاب میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت تصور کیا جا رہا ہے
یاد رہے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کے مطالبے پر ڈی جی خان جلسہ میں کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا