ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے تعلیم دوست ویڑن کے تحت ضلع ننکانہ صاحب میں سرکاری تعلیمی اداروں کی ترقی، بہتری اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ننکانہ محترمہ شازیہ بانو نے مختلف سرکاری اسکولوں کے غیر اعلانیہ دورے کیے، جن کا مقصد تدریسی و انتظامی معاملات کا جائزہ لینا اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا براہ راست مشاہدہ کرنا تھا۔محترمہ شازیہ بانو نے گورنمنٹ پرائمری سکول شاہ محمد یوسف ، گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری اسکول ولگن سہیل، گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری اسکول ولگن سہیل، اور گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری اسکول مچھرالہ کا سرپرائز وزٹ کیا۔ انہوں نے ان اسکولوں میں اساتذہ و طلبہ کی حاضری، صفائی و ستھرائی، تھیم آف منتھ ایکٹیویٹیز، ڈینگی سے بچاو¿ کی مہم، اور معیاری تعلیم سے متعلق سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف کلاس رومز میں جا کر طلبہ سے گھل مل کر بات چیت کی سوال و جواب کیے بچوں کو دیے جانے والے اسباق کا مشاہدہ کیا اور تعلیمی کارکردگی کا مشاہدہ کیا۔سی ای او ننکانہ شازیہ بانو نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تدریسی معیار کو مزید بلند کریں، بچوں کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کریں اور انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی فراہم کریں تاکہ وہ معاشرے کے فعال اور باکردار شہری بن سکیں۔ محترمہ شازیہ بانو نے اساتذہ و سربراہان کو تلقین کی کہ وہ اسکولوں کے ماحول کو مثبت اور ترقی پسند بنائیں اور سرکاری ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویڑن کے مطابق تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی وڑن کے تحت ننکانہ صاحب میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے دن رات محنت کی جا رہی ہے۔ تعلیم کے میدان میں یہ پیش رفت نہ صرف طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے بلکہ ایک باوقار، ترقی یافتہ اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔