کراچی / رپورٹ : محمد حسین پرمار
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی ٹریفک کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں سڑکوں پر احتیاطی تدابیر اور ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت سے متعلق آگاہی مہم کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ تقریب چیف CPK مراد علی سونی اور کراچی پریس کلب کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔
اس مہم کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی، روڈ سیفٹی اور ہیلمٹ کے لازمی استعمال کے حوالے سے آگاہ کرنا تھا تاکہ حادثات کی روک تھام کی جا سکے اور انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ تقریب کے دوران دو سو سے زائد ہیلمٹس اور بائیک کے سائیڈ شیشوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔
ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو صاحب نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا جان لیوا ثابت ہو رہا ہے اس لیے اس کے استعمال کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
پولیس چیف نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق 58 فیصد حادثات میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوئے جبکہ 25 سے 30 فیصد حادثات سڑک غلط طریقے سے عبور کرنے کے باعث پیش آئے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے زیبرا کراسنگ کے منصوبے پر کام جاری ہے، جس سے پیدل چلنے والوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ دوران سفر ہیلمٹ اور موٹر سائیکل کے سائیڈ مررز کا استعمال بہت ضروری ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کو حادثات سے متلعق آگاہی فراہم کرنا بھی ضروری ہے کیونکہ سب سے زیادہ موٹر سائیکل سوار حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ اس طرح کے تمام اقدامات خوش آئند ہیں اور ان اقدامات کا مقصد انسانی جانوں کو محفوظ بنانا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مراد علی سونی نے پولیس افسران اور صدر کراچی پریس کلب کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔