ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) رائس مل پر ڈکیتی کی بڑی واردات, 22 ڈاکوﺅں کی سات گھنٹے تک لوٹ مار, ڈاکو66لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 22 تولے طلائی زیورات, 35 لاکھ روپے نقدی, لاکھوں روپے مالیت کے چاول اور دو ٹرانسفارمر لے گئے, متاثرہ مالک کا اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات بائیس نامعلوم مسلح ڈاکو بچیکی بچیانہ روڈ پر یعقوب ڈوگر رائس مل میں داخل ہوئے اور وہاں ڈیوٹی پر موجود دو سیکیورٹی گارڈز کوگن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر انہیں ایک کمرے میں بند کر دیا اور سات گھنٹے تک لوٹ مار کرتے رہے, ڈاکوﺅں نے رائس مل میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے بچنے کے لئے ڈی وی آر بھی قبضے میں لے لیا, انہوں نے رائس مل سے66لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 22 تولے طلائی زیورات, 35 لاکھ روپے نقدی, گودام میں پڑے لاکھوں روپے مالیت کے چاول اور رائس مل میں لگے دو ٹرانسفارمر میں سے سامان لوٹ کر فرار ہو گئے, ڈاکوﺅں نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر سیکیورٹی گارڈز کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا, واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کر دی, رائس مل کے مالک محمد آصف ڈوگر نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ڈاکوﺅں کو گرفتار کر کے ریکوری کا مطالبہ کیا ہے۔