ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت رمضان سہولت بازاروں میں معیاری اشیاءخوردونوش اور معیاری فروٹ و سبزیوں کی دستیابی یقینی بنانے کے حوالے سے رات گئے کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شرینہ جونیجو ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی، اسسٹنٹ کمشنرز ، ریونیو افسران سمیت سیکرٹری مارکیٹ کمیٹیز بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی افسران لوگوں کو معیاری اشیاءاور ریلیف کی فراہمی پر بھر پور توجہ دیں۔اسسٹنٹ کمشنرز کولڈ سٹوریج میں سٹاک کی چیکنگ سمیت منڈیوں میں بولی کے عمل کی خود نگرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ سستے رمضان سہولت بازاروں میں غیر معیاری اور کم مقدار میں اشیاء ضروریہ کی نشاندہی پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے نگہبان رمضان کے تحت بینک ڈرافٹس کی تقسیم کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ڈی سی نے اسسٹنٹ کمشنرز کو خصوصی ہدایت جاری کیں کہ اپنی اپنی حدود میں ٹیموں کی نگرانی کریں اور جلد از جلد بینک ڈرافٹس لوگوں کو ان کی دہلیز تک پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا رمضان المبارک میں تاریخ سب سے بڑا عوامی ریلیف ہے اور یہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا تاریخ ساز اقدام ہے جس کے تحت 30 ارب روپے کی خطیر رقم سے صوبہ کے 30 لاکھ کم آمدنی والے گھرانوں کو 10 ہزار روپے فی خاندان کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ اس شفاف اور آسان نظام کے تحت شہری کسی بھی بینک میں پے آرڈر جمع کروا سکتے ہیں یا الفا پے، ایچ بی ایل کنیکٹ اور یو بی ایل اومنی سے بغیر کسی کٹوتی کے رقم وصول کر سکتے ہیں۔