حیدرآباد: ضلعی ٹریفک مینجمنٹ بورڈ کے اعزازی سیکریٹری جاوید اقبال نے ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رضاق دھاریجو، ڈی آئی جی ٹریفک فدا حسین مستوئی، اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی گائیڈ لائن اور مشاورت سے رمضان 2025 کے لیے رمضان ٹریفک مینجمنٹ پلان اور عید ٹریفک مینجمنٹ پلان 2025 جاری کر دیا۔
ڈی آئی جی حیدرآباد کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس مشترکہ طور پر ٹریفک پلان پر عمل درآمد کرے گی۔ اس کے علاوہ، میونسپل اتھارٹیز، ٹاؤن انتظامیہ، واسا، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ ادارے بھی شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے تعاون کریں گے۔
رمضان ٹریفک مینجمنٹ پلان کے تجویز کردہ اہم اقدامات:
1. فوری نفاذ:
ٹریفک پولیس افسران، عملہ، کوئیک رسپانس فورس (QRF)، ریپڈ رسپانس فورس (RRF) اسکواڈز، سول ڈیفنس اہلکار، خواتین پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور میونسپل وارڈنز تعینات کیے جائیں گے۔
18 مقامات پر ون وے کی خلاف ورزی روکنے، 35 مقامات پر غلط پارکنگ اور ٹریفک جام کے مسائل حل کرنے، 33 مقامات پر تجاوزات کے خاتمے، 16 مقامات پر QRF تعیناتی، 70 مقامات پر ہائی ٹریفک ایریاز اور 120 مقامات پر عمومی ٹریفک کے لیے نفری تعینات ہوگی۔
2. ٹریفک جام کی روک تھام کی حکمت عملی:
رمضان کے دوران رش والے مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر اپنے علاقوں میں گشت کریں گے تاکہ ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جا سکے۔
3. مارکیٹس اور اہم شاہراہوں کے لیے خصوصی اقدامات:
خواتین شاپرز کی سہولت کے لیے مصروف مارکیٹوں میں لیڈی پولیس تعینات کی جائے گی۔
غلط پارکنگ روکنے کے لیے اضافی لفٹرز تعینات کیے جائیں گے، جن کے اوقات کار رات گئے تک بڑھا دیے جائیں گے۔
میونسپل وارڈنز اہم تجارتی علاقوں میں ٹریفک کو منظم کریں گے۔
4. سافٹ انکروچمنٹ کے خلاف کارروائی:
پولیس افسران تاجروں اور بازار کی انجمنوں سے کے تعاون سے روڈ اور بازاروں سے سافٹ انکروچمنٹ کا خاتمہ کریں گے ۔میونسپل اینٹی انکروچمنٹ ٹیم رمضان سے قبل اور دورانِ رمضان کارروائیاں کرے گی۔اسسٹنٹ کمشنرز انسداد تجاوزات مہم کے لیے شیڈول جاری کریں گے۔
5. پھل، پکوڑے ،سموسے اور دیگر اسٹالز کی ریگولیشن:
سڑک کے بیچ میں ریڑھیاں لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، بلکہ مخصوص مقامات مختص کیے جائیں گے۔ اور ٹھیلے والوں کو پابند کیا جائے گا کہ تقویض کردہ جگہوں پر روڈ کے کنارے پر کھڑے ہوں میونسپل انتظامیہ اور ضلعی پولیس خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔
6. رمضان عارضی پارکنگ کا قیام:
ایچ ایم سی پلاٹ قدم گاہ، لطیف آباد یونٹ 8، ایچ ایم سی ورکشاپ فقیر کے پیر اور دیگر مقامات پر عارضی پارکنگ کے انتظامات کیے جائیں گے۔گزشتہ سال کے میونسپل آفس کے پارکنگ نوٹیفکیشنز نافذ العمل رہیں گے۔
7. رمضان ٹریفک کوآرڈینیشن واٹس ایپ گروپ:
پچھلے سالوں کی طرح، ضلعی ٹریفک مینجمنٹ بورڈ کا اعزازی سیکریٹری واٹس ایپ گروپ قائم کریں گے اور اس کی نگرانی کریں گے ۔ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس، ضلعی انتظامیہ، میونسپل انتظامیہ، ٹاؤن حکام، ایچ ڈی اے اہلکار اور دیگر متعلقہ ادارے کسی بھی مسئلے کے فوری حل کے لیے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور دیگر سینئر افسران بھی اس گروپ کا حصہ ہوں گے۔
سخت مانیٹرنگ اور بہترین کارکردگی پر انعامات
ڈی آئی جی ٹریفک حیدرآباد نے زور دیا کہ رمضان ٹریفک پلان پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کو تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا۔ڈی آئی جیز نے ضلعی ٹریفک مینجمنٹ بورڈ کے سیکریٹری جاوید اقبال کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ رمضان کے بعد بھی ٹریفک کے انتظامات میں بہتری کا عمل جاری رہے گا۔