الخدمت فاؤنڈیشن آرفن کیئر پروگرام حیدرآباد کے زیرِ اہتمام شائننگ اسٹار سوسائٹی کے ممبران کے لیے ایک خصوصی استقبالِ رمضان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس روحانی اور بامقصد نشست میں اسلامی جمعیت طلبہ کالجز زون حیدرآباد کے ناظم، برادر اسامہ مجید نے “استقبالِ رمضان” کے موضوع پر پُرمغز اور فکر انگیز گفتگو کی۔ انہوں نے شرکاءِ محفل کو رمضان المبارک کی تیاری، اس کی برکات اور عبادات کی فضیلت سے آگاہ کیا، تاکہ نوجوان اس مقدس مہینے سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
اس موقع پر شائننگ اسٹار سوسائٹی کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور رمضان المبارک کے استقبال کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شرکاء نے مقرر کی گفتگو کو سراہا اور رمضان کی تیاری کے حوالے سے مفید نکات حاصل کیے۔
مزید برآں، پروگرام کے بعد سینئر فیملی سپورٹ آرگنائزر، حیدرآباد، سعد احسن قاضی نے سوسائٹی کے نئے ممبران کو سوسائٹی کے پیٹرن اور آئندہ الیکشن کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شائننگ اسٹار سوسائٹی ایک مثالی پلیٹ فارم ہے جو ہمارے شائننگ اسٹارز کی ترقی اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔