منڈی بہاوالدین ( میاں شریف زاہد )ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر ضلع منڈی بہاؤالدین کے تمام کالجز کے طلباء کے درمیان انٹر کالجیٹ کھیلوں کے مقابلہ جات گورنمنٹ گریجوایٹ کالج منڈی بہاؤالدین میں منعقد ہوئے،فٹ بال ، والی بال ، کبڈی ، دوڑ ، لانگ جمپ ، تھرو ، اور گھیلوں کے دیگر مقابلوں میں کھلاڑیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، کھیلوں کےمقابلے گورنمنٹ گریجویٹ کالج منڈی بہاؤالدین کے گراؤنڈز میں منعقد ہوئے ، ان میچز میں ضلع بھر کے تمام کالجز کے طلباءنے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ انٹر کالجیٹ کھیلوں کےمقابلہ جات کا شاندار افتتاح گورنمنٹ گریجویٹ کالج منڈی بہاؤالدین کے پرنسپل پروفیسر عنایت اللہ قاری اور اسپورٹس بورڈ کے چیئرمین پروفیسر منشا خان گوندل نے کیا، مختلف میچز میں شہر کی مختلف علمی اور سماجی شخصیات نے بطور مہمان کھیلوں کے مقابلے بڑے ذوق اور شوق سے دیکھے اور ٹورنامنٹس کے انتظامات اور طلباء کے جوش و جذبے کو خوب سراہا ، میچز کے انتظامات پروفیسر ظفر اقبال، پروفیسر عمر منہاس، پروفیسر ثاقب گلزار، پروفیسر ضیاء رضوان، پروفیسر مجاہد علی، پروفیسر سیف اللہ بوسال اور پروفیسر محمد انصر گوندل نے کیے ان ٹورنامنٹس میں پوزیشن لینے والی ٹیمیں اور کھلاڑی ڈویژنل لیول کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔