
کراچی ( ای این آئی )کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے وفد نے صدر جنید نقی اور ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا کی قیادت میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی سے ملاقات کی، جس کا مقصد صنعتکاروں کے اہم مسائل پر بات چیت کرنا اور شہر کی ترقی کے لیے تعاون کو فروغ دینا تھا۔ ملاقات میں سینئر نائب صدر اعجاز احمد شیخ ، نائب صدر سید طارق حسین ،سابق صدور جوہر قندھاری ، شیخ عمر ریحان ، دانش خان شامل تھے۔ صدر کاٹی جنید نقی نے کمشنر کراچی کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے حکومتی اور کاروباری برادری کے درمیان جاری تعاون کی اہمیت پر زور دیا تاکہ درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے اور صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات کراچی میں گورننس اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ کمشنر سید حسن نقوی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے اٹھائے گئے مسائل پر فوری کارروائی کی جائے گی اور میونسپل اداروں اور صنعتی شعبے کے درمیان بہتر رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا نے کمشنر آفس کے تحت صنعتی مسائل سے متعلق پرانی کمیٹی کو دوبارہ فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس میں کمشنر کراچی کے نامزد عہدیدار ور کاٹی کے ارکان پر مشتمل کمیٹی کو دوبارہ متحر ک کرتے ہوئے صنعتی معاملات پر بہتر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جا سکے۔ ملاقات میں کاٹی کے ممبران کی شکایات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر تجویز دی گئی کہ کمشنر آفس اور ڈسٹرکٹ کمشنر کے نمائندوں کو باقاعدہ شکایات جمع کروانے کے عمل کو بہتر بنایا جائے تاکہ مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز (ڈی ایم سی) کے درمیان انتظامی اختیارات کے تنازع پر بھی گفتگو ہوئی اور آپریشنل مسائل سے بچنے کے لیے دائرہ کار کو واضح کرنے پر زور دیا گیا۔ کاٹی کے نمائندوں نے صنعتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے جاری انفراسٹرکچر منصوبوں پر توجہ برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سنگر چورنگی سے شاہ فیصل، گیٹز راؤنڈ اباؤٹ اور ایس ایم منیر روڈ کے درمیان جاری پیچ ورک منصوبے زیر بحث آئے۔ مزید برآں، شہر کے بڑے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں ملیر ایکسپریس وے سے بن قاسم ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (بقاٹی) کے قریب ممکنہ انٹرچینج، جام صادق پل اور قیوم آباد کاز وے کی نئی ترقیات اور ورلڈ بینک کے تعاون سے کراچی موبلٹی پروجیکٹ کے تحت یلو لائن بی آر ٹی شامل ہیں۔ کورنگی صنعتی علاقے میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KWSC) سے متعلق مسائل، انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے KITE فنڈز کے اجراء کے لئے احکامات اور انفراسٹرکچر سیس کے نفاذ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
*فوٹو کیپشن:* کاٹی کے وفد کی کمشنر کراچی سید حسن نقوی سے ملاقات کے موقع پر صدر جنید نقی اور ،زبیر چھایا، اعجاز احمد شیخ ، سید طارق حسین ، جوہر قندھاری ، شیخ عمر ریحان اور دانش خان کا لیا گیا گروپ۔