ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ ) چیف ایگزیکٹوآفیسر محکمہ ایجوکیشن ننکانہ صاحب ڈاکٹر قیوم خاں نے صبح سویرے واربرٹن کے مضافاتی علاقوں گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول وکیل والا،گورنمنٹ گرلزکمیونٹی ماڈل سکول دریا اور دیگر علاقوں کے 15سے زائد سکولوں کا اچانک دورہ کیا اور وہاں کلاس رومز میں انتظامی وتدریسی امور ، صفائی ، اساتذہ و طلبائ کی حاضری ، ڈینگی و اسموگ آگاہی سمیت دیگر انتظامات کو تفصیلی دیکھا۔ گورنمنٹ ہائی سکول بچیکی میں 6 اساتذہ غیر حاضر پائے گئے ،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بچیکی کی پرنسپل 15 منٹ دیر سے پہنچیں ،سی ای اوایجوکیشن ننکانہ ڈاکٹر قیوم خاں کلاسز میں گئے تمام سکولوں کے بچوں کا ہوم ورک چیک کیا اور مختلف مضامین میں انکی تعلیمی حالت کا جائزہ لیا۔ محکمانہ معاملات میں غفلت برتنے والے اساتذہ کے خلاف محکمانہ قوانین کے مطابق کاروائی کرنے کا عندیہ دیا اور مظلوم طبقے کے معصوم بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا جبکہ بچوں کو معیاری تعلیم دینے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ ڈاکٹر قیوم خاں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی راہ میں رکاوٹ بننے والے عناصر کو بالکل برداشت نہیں کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ میں نے جہاد بالعلم کرنے کا ارادہ کیا ہے اور کسی قسم کی مالی کرپشن اور فرائض منصبی میں کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ کے ویژن کے مطابق اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی قیادت میں اس جہاد میں اپنی تمام توانائیاں صرف کروں گا۔