خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) خوشاب کامران افضل کی زیر صدارت پنجاب ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کی ضلعی کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اس پروگرام کے تحت ضلع میں جاری پروگرامز پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے ڈسٹرکٹ فوکل پرسن نے پراجیکٹ کی کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔تفصیلات کے مطابق حاملہ خواتین اور دو سال سے کم عمر بچوں کی ماؤں کیلئے مرحلہ وار 23 ہزار روپے تک کی رقم دی جارہی ہے۔ آغوش پروگرام میں شامل طبی معائنے کرانے والی خواتین کو روزانہ کی بنیاد پر رقم منتقل کی جا رہی ہے۔ آغوش پروگرام کے تحت ابتک ضلع کی آغوش پروگرام سے منسلک 18239 بنیفشریز کی رقم ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ فوکل پرسن نے بتایا کہ پنجاب ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے بنیادی پروگرام کے تحت ضلع بھر کے 235 سرکاری سکولز میں معیاری ابتدائی تعلیم و تربیت اور نگہداشت کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع میں ا س پراجیکٹ کے تحت جاری پروگرامز نہایت اہمیت کے حامل ہیں ان کی کامیابی کے لئے ضلعی انتظامیہ اپنا بھر پور کردار اد اکرے گی۔عوام الناس پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی ہیلپ لائن1221 سے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سہیل سکندر،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر امیر عبداللہ،ڈسٹرکٹ فوکل پرسن تصور حسین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ڈی ای اے) محمد قاسم بھی موجود تھے۔