منڈی بہاءالدین،( میاں شریف زاہد )ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد یوسف،سی ای او ایجوکیشن ضیاءاللہ عباسی،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر افتخار، ڈاکٹر شکیل نذر،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر خالد عباسی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں میں16دسمبرسے شروع ہونے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد یوسف اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخارنے انسداد پو لیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ16دسمبر سے20دسمبر 2024 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔پانچ روزہ مہم کے دوران پانچ سال تک کے 3لاکھ24ہزار 622بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کے لئے محکمہ صحت کے 2922 ورکرز پر مشتمل 70 فکسڈ ٹیمیں،45 ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں، گھر گھر جانے والی1225 ٹیمیں، 70 یوسی ایم اوز جبکہ 242 ایریا انچارجز مقرر کئے گئے ہیں۔اس ضمن میں ضلعی اور تحصیل سطح پر متعلقہ سٹاف کو تربیت فراہم کر دی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا اصل ہدف ہے جو عملی اقدامات سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران تمام متعلقہ محکموں سمیت محکمہ صحت کی ٹیمیں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹارگٹس کے حصول کو ممکن بنائیں۔ انسداد پولیو مہم کے دوران کسی بھی فیک انٹریز سے اجتناب کیا جائے اور گزشتہ پولیو مہم کو مد نظر رکھتے ہوئے خامیوں کو دور کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے پھول جیسے پا نچ سال تک کی عمر کے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچا نے کیلئے پولیو کے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں۔