منڈی بہاوالدین ( میاں شریف زاہد )
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن “انصاف عوام کی دہلیز پر” کے تحت ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ، طیب حفیظ چیمہ نے منڈی بہاءالدین کا دورہ کیا۔
اپنے دورے کے دوران آر پی او نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وسیم ریاض خان کے ہمراہ پاہڑیانوالی میں نئی تعمیر شدہ پولیس ویلفیئر مارکیٹ کا افتتاح کیا۔ اس مارکیٹ کا قیام پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے ایک مثبت اقدام ہے، جو محکمہ پولیس کی فلاحی پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
بعد ازاں تھانہ پاہڑیانوالی اور تھانہ بھاگٹ میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہریوں نے اپنے مسائل براہ راست آر پی او کے سامنے پیش کیے، جنہیں انہوں نے نہ صرف بغور سنا بلکہ موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات بھی جاری کیے۔
آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے اس موقع پر تھانہ پاہڑیانوالی اور تھانہ بھاگٹ کی انسپکشن بھی کی، پولیس کارکردگی کا جائزہ لیا اور بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کا اولین مقصد عوام کو فوری، شفاف اور مؤثر انصاف فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ریجن بھر میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر ہی حل کیے جا سکیں۔