ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ) حکومت پنجاب کے ایجوکیشن سیکٹر ریفارمز پروگرام کے تحت ضلع کے سکولوں اور کالجوں میں ترجیحی بنیاد پر سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کا مقصد سکولوں میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کو حصول تعلیم کیلئے ہر لحاظ سے موافق ماحول کی فراہمی یقینی بنانا ہے یہ بات ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے اسپیشل ایجوکیشن سنٹر ننکانہ ، گورنمنٹ گورونانک پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین اور گورنمنٹ کیپٹن حسنین نواز شہید ہائی سکول کے دورہ کے موقع پر کی۔انہوں نے اسکولوں کے انتظامات بارے تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر تعلیمی اداروں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر کرنے اور دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے دورے کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے مسائل بھی معلوم کیے اور کہا کہ مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بنیادی سہولیات کی دستیابی اور اپریشنل ہونے سمیت معیار تعلیم ، صفائی ستھرائی ، انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ عطیہ عنائیت ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف ، انفارمیشن آفیسر ، تعلیمی اداروں کے پرنسپلز اور ایجوکیشن کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے دورے کیے جا رہے ہیں۔ اساتذہ کو طلبہ کی تعلیم و تربیت پریکساں توجہ دینے کی تلقین ، سکولوں میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت۔ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز کا معائنہ کیا۔انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کالج کے نئے بلاکس اور کیپٹن حسنین نواز شہید ہائی سکول میں 04 نئے کلاس رومز کی از سر نو تعمیر کی جائے۔ انہوں نے اساتذہ سے ملاقات کی اور کہا کہ استاد قوم کا معمار ہوتا ہے آپ جتنی اچھی آبیاری کرو گے اس کا پھل مستقبل میں علاقے کو ترقی کی صورت میں ملے گا ترقی اور خوش حالی کا واحد راستہ تعلیم ہے جو قومیں تعلیم کے میدان میں پیچھے ہیں وہ کم از کم آج کے اس سائنسی دور میں خوشحال نہیں ہونگی، ہماری صحت ہماری معشیت کا دارومدار تعلیم پر ہےاس لیے آپ نے محنت کرنی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو تعلیمی اداروں کو صاف ستھرا رکھنے کی خصوصی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے دوران وزٹ خصوصی بچوں سے کلاس رومز میں جا کر پیار کیا اور ان سے سلیبس سے متعلقہ سوال و جواب کے سیشن بھی کیے۔