ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو ضلع میں جاری پولیو مہم کے دوسرے روز بھی فیلڈ میں متحرک ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی حاضری و کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ٹرانزٹ پوائنٹ لاری اڈہ اور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے دوران وزٹ گھرانہ نمبرز اور بچوں کے ہاتھوں پر لگائے گئے نشانات کو چیک کیا اور شہریوں سے پولیو ٹیموں کے رویے بارے بھی دریافت کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کا مقصد کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر ضلعی افسران بھی پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم 25 اپریل تک جاری رہے گی۔ضلع میں 02 لاکھ 98 ہزار 8 سو سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ سخت گرمی کے موسم میں 1198 پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا قومی فریضہ سرانجام دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ والدین محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ، محکمہ صحت کی طرف سے انسداد پولیو مہم کیلئے مائیکرو پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں سو فیصد بچوں کو قطرے پلانے کا ٹارگٹ ہر صورت پورا کیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت ، سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد طلحہ شیروانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سمیت دیگر بھی ہمراہ تھے۔