منڈی بہاوالدین ( ای این ائی )
مرکزی صدر سیٹیزن فورم
اور صدر میڈیکل ایسوسی ایشن منڈی بہاوالدین ڈاکڑ طارق محمود چدھڑ کی زیر صدارت سیٹیزن فورم کا خصوصی اجلاس ہوا
جس میں ضلع بھر میں گراں فروشی اور صفائی کے ناقص انتظامات اور اس پر ضلعی انتظامیہ کی لاپرواہی پر اظہار افسوس اور شدید غم و غصہ کا اظہار کیا گیا
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر طارق محمود چدھڑ نے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ضلع اس وقت لاوارث ہو چکا ہے ۔یہاں وہ جرم سر زد ہو رہا ہے جو کئی ایک دیگر جرائم کی وجہ بن رہا ہے ۔گراں فروشی کا مطلب ہے غریب کے منہ سے آخری نوالہ بھی چھین لیا جائے ۔غریب آدمی کو جب مناسب دام میں آٹا نہیں ملے گا تو وہ چوری ڈکیتی اور قتل و غارت تک کے جرائم کا ارتکاب کرے گا ۔یہ سب کچھ ڈی سی منڈی بہاوالدین ڈاکٹر فیصل کی زیر نگرانی عمل پزیر ہو رہا ہے اور سیٹیزن فورم اسکی بھرپور مذمت کرتی ہے
موصوف کی ناقص انتظامی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ وہ نہ تو مارکیٹ میں اصلی ریٹ لسٹیں لگوا سکتے ہیں اور اگر لسٹ موجود بھی ہوتو اس پر عمل درآمد نہیں کروایا جاتا کیونکہ ان باتوں پر انکی کوئی توجہ نہیں ہے اور ویسے بھی بھوک سے غریب اور اسکے بچوں نے ہی مرنا ہے اس سے تو انکی شان میں کوئی کمی نہیں آئے گی
مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر صاف ستھرا پنجاب پروگرام منڈی بہاوالدین میں شروع تو ہو چکا ہے مگر صرف اور صرف ان جگہوں کو روز چمکایا جاتا ہے جن جگہوں سے جناب ڈی سی صاحب کی عالی شان سواری اپنے قافلے کے ساتھ گزرنی ہوتی ہے یا پھر جناب نے کسی چائے والے ڈھابے کا افتتاح فرمانا ہوتا ہے ۔باقی شہر میں گندگی کے ڈھیر پڑے رہتے ہیں کیونکہ صفائی والا سارا عملہ جناب کی راہیں صاف کرنے میں لگا ہوتا ہے
شہر میں دھواں چھوڑتے گاڑیاں ،گندگی کے ڈھیر ، اور بے قابو گراں فروشی کسی بھی منتظم کے لیے باعث شرم ہوتی ہے اور ہونی بھی چاہیے