ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مویشی پال حضرات کیلئے ضلع ننکانہ صاحب میں بھی لائیو سٹاک کارڈ کا اجراءکر دیا گیا۔محکمہ لائیو سٹاک ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام لائیو سٹاک کارڈ کی تقسیم کے سلسلہ میں محکمہ زراعت توسیع کے دفتر میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل تھے۔تقریب میں سیاسی رہنماو¿ں ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر یاسر بٹ ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر خورشید عالم سمیت مویشی پال حضرات اور کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی و دیگر نے مویشی پال حضرات میں لائیو سٹاک کارڈ تقسیم کیے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لائیوسٹاک کارڈ اسکیم کے تحت، چار ماہ کی مدت کے دورانیہ پر مشتمل مویشی پال کسانوں کو گائے اور بھینس کے نر بچھڑوں کو فربہ کرنے کیلئے متعارف کروائی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسے کسان جن کے پاس 5 سے 10 نر بچھڑے ہوں وہ لائیو سٹاک کارڈ کے زریعے فی جانور 27,000 روپے سے ونڈا، سائیلج، اور منرل مکسچر جیسے فیڈ سپلیمنٹ خرید سکتا ہے۔ حکومت پنجاب بینک کا سود خود ادا کرے گی اور کسان پانچویں مہینے میں بغیر سود کے اصل رقم واپس کریں گے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبہ کی ترقی کیلئے خصوصی اقداما ت بروئے کا ر لارہی ہیں اور کسانوں کے معیار زندگی کی بہتری کیلئے شفاف انداز میں انھیں براہِ راست پیسے فراہم کیئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کی ترقی کیلئے لائیو سٹاک کارڈ کا اجراءحکومت پنجاب کا احسن اقدام ہے۔انھوں نے کہاکہ زمیندار اور مویشی پال حضرات لائیو سٹاک کارڈ حاصل کرکے حکومت پنجاب کے اس اقدام سے مستفید ہوں۔