ڈیرہ غازی خان (رانا فیصل سے) کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری نے مظفرگڑھ کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے انشیٹیوو دھی رانی پروگرام کے تحت منعقدہ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ اجتماعی شادیوں کی تقریب صوبہ بھر کی سب سے بڑی تقریب ہے جس میں 104 جوڑوں کو شادی جیسے مقدس رشتے سے منسلک کیا گیا ہے۔ دھی رانی پروگرام کے تحت ہر جوڑے کو عروسی ملبوسات کے ساتھ ایک لاکھ سلامی بذریعہ اے ٹی ایم، ڈبل بیڈ بمعہ میٹرس، ڈنر سیٹ، پنکھا اور کچن میں استعمال ہونے والے روز مرہ کے برتن بھی دئیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھی رانی پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک احسن انشیٹیوو ہے جس سے غریب طبقہ کے افراد کو اپنی بیٹوں کی شادی کرنے میں بڑا سہارا ملا ہے۔ کمشنر نے دولہا اور دلہن کو اے ٹی ایم کارڈ بھی تقسیم کئے۔ بعد ازاں کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے ڈی سی آفس کا بھی دورہ کیا اور مختلف برانچوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈی سی آفس میں گرین بیلٹ کا معائنہ کیا اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃ العین میمن کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور ان کی تعریف کی۔ کمشنر ڈی جی خان نے ڈی سی آفس میں ویڈیو لنک کے ذریعے چیف سیکرٹری پنجاب کے اجلاس میں شرکت کی اور آج کی اجتماعی شادیوں کی تقریب کی شاندار کامیابی پر بریفنگ دی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃ العین میمن، ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو منور عباس بخاری سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے ضلعی محکموں کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کی ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے انشیٹیوو ستھرا پنجاب سمیت سمیت دیگر انشیٹیوو کی کڑی نگرانی کی جائے اس سلسلے میں کسی کوتاہی اور سستی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔