ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ ) ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے افواج پاکستان کو آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ضلع کونسل ہال میں مرکزی تقریب اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے خصوصی شرکت اور ریلی کی قیادت کی۔تحصیل شاہکوٹ اور تحصیل سانگلہ ہل میں بھی افواج پاکستان سے اظہار تشکر کی تقریبات منعقد ہوئیں اور ریلیاں بھی نکالی گئی۔منعقدہ تقریبات میں سیاسی رہنماو¿ں ، ضلعی افسران ، تمام مکاتب فکر کے علمائے اکرام ، تاجر برادری سمیت شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔تقریبات و ریلیوں کے شرکاءنے پاکستانی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر افواج پاکستان زندہ باد کے نعرے درج تھے ، شہریوں کی جانب سے پاکستان زندہ باد اور افواج پاکستان کے حق میں شدید نعرے بازی کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ ساری زندگی یاد رکھے گا ، انڈیا کو یہ باور کرا دیا گیا ہے کہ کوئی بھی ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کا یہی انجام ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ، پاکستان کا ہر شہری ملک کی خودمختاری کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آج سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے ، پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو دندان شکن جواب دے کر ثابت کر دیا کہ ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام ، سیاسی اور عسکری قیادت نے جس یگانگت اور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی ، سفارتی محاذ پر ہم نے دنیا کو بتایا کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں۔ڈی سی محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ اگر ہم پر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے ، ہمارے میڈیا نے انڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا ، بھارت نے معصوم اور نہتے پاکستانی شہریوں پر حملے کی بھاری قیمت چکائی ہے۔تقریب کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا ، آسمان پر ہر طرف رنگ و نور پھیل گیا ، اہلیان ننکانہ آتشبازی سے خوب محظوظ ہوئے۔