ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ ) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راﺅنے پبلک پارکس کی جاری بحالی کاجائزہ لینے کے لیے پیر احمد شاہ روڑ کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے پارکوں کی چار دیواری سمیت تار کی کوالٹی اور تنصیب کا جائزہ لیا۔انہوں نے پارکس میں لگائے گئے پودوں کی پرورش سمیت صفائی ستھرائی کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے سی او میونسپل کمیٹی راو انوار کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پبلک پارکس کی تزئین و آرائش کے کاموں کو جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام پبلک پارکس کی بحالی کا عمل 90 فیصد تک مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر پر کام جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پبلک پارکس میں جھولوں ، واکنگ ٹریکس ، نئی گھاس سمیت لائٹس بھی لگائی گئی ہیں ، پارکس شہریوں کی سیر و تفریح کا واحد ذریعہ ہیں ، ان کی بحالی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے جمنازیم ہال کی تزئین آرائش کے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور ٹھیکیدار کو تزئین و آرائش کے جاری کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فٹنس کلب کا ترقیاتی کام 15 روز میں ہر صورت میں مکمل کیا جائے اور فٹنس کلب میں اے سی بھی لگائے جائیں۔انہوں نے بتایا عوامی سہولت کے لیے سپورٹس کلب کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جا رہا ہے جس پر 90 ملین کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ، سی او میونسپل کمیٹی ، سپورٹس کے افسران سمیت دیگر بھی موجود تھے۔