ڈیرہ غا زیخان ( رانا فیصل سے): وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب کی ہر تحصیل میں سنٹرز آف ایکسیلنس کی طرز پر دو، دو تعلیمی ادارے اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ضلع ڈیرہ غازی خان میں 28 سکولوں کی کمپیوٹر لیبز کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔یہ بات رکن صوبائی اسمبلی پنجاب محمد حنیف خان پتافی اور سی ای او ایجوکیشن محمودالحسن کی ملاقات کے دوران بتائی گئی۔ایم پی اے نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے تحت ڈیرہ غازی خان شہر کے بوائز ہائی سکول نمبر1 اور گرلز ہائیر سیکنڈری سکول ڈیرہ غازی خان کو تجویز کرکے سنٹرز آف ایکسیلنس کی طرز پر اپ گریڈ کیا جائے گا جسے سکولز آف ایمیننس کا نام دیا جائے گا۔ محمد حنیف پتافی نے کہا کہ کمپری ہینسو ہائی سکول کی ری ویمپنگ سکیم تیار کی جائے۔ گورنمنٹ کمپری ہینسو،گدائی،ولائے والا،سٹی ہائی سکول،اے پی ایس سکول سمیت تعلیمی اداروں کی لیبز کو فوری طور پر سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے۔این آر ایس پی کے ذریعے سکولز کی عمارت کو رنگ و روغن کرکے جاذب نظر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ سکولز میں نجی سکولز سے بہتر معیار تعلیم فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیح ہے.