ڈیرہ غا زیخان ( رانا فیصل سے ): ضلع ڈیرہ غازی خان کے پارلیمنٹیرینز اور اراکین اسمبلی نے عوام کے اجتماعی مفاد کیلئے ملکر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل،میونسپل سروسز کی بہتری،عوامی مسائل کا حل اور گڈ گورننس کو فوکس کیا جائے گا۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب،اپنا گھر اپنی چھت سکیم اور دیگر پروگرامز کی کامیابی کیلئے کڑی نگرانی کی جائے گی۔اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت رکن قومی اسمبلی سردار عبد القادر خان کھوسہ نے کی۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد،موجودہ و سابق اراکین صوبائی اسمبلی محمد حنیف پتافی،سردار میر بادشاہ قیصرانی، سردار صلاح الدین کھوسہ،خواجہ نظام المحمود،ممتاز خان قیصرانی کے علاؤہ وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری کے پولیٹیکل سیکرٹری سید ذوالقرنین حیدر شاہ، نوید لغاری اور دیگر اجلاس میں موجود تھے۔اراکین پنجاب اسمبلی سردار احمد خان لغاری،سردار اسامہ فیاض لغاری اور سردار علی یوسف لغاری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔وفاقی اور صوبائی محکموں کے افسران موجود تھے۔اجلاس میں عدم شرکت پر محکموں کے سربراہان کو شو کاز نوٹس جاری کرنے کی بھی ہدایات جاری کردی گئیں۔اجلاس میں آر ایچ سی او ربی ایچ یو کی ری۔ویمپنگ جائزہ کے دوران اراکین اسمبلی نے کہا کہ اندرون عمارت کو تو خوبصورت کردیا گیا ہے تاہم داخلی گیٹ،لانز، چاردیواری اور دیگر بیرونی انفراسٹرکچر کو ہاتھ نہیں لگایا گیا۔سیونگ یا الگ سکیم تیار کرکے داخلی و خارجی مقامات کو بھی بہتر کیا جائے۔سیف سیٹی پراجیکٹ کے تحت کیمروں اور آلات کی تنصیبات کا بھی جائزہ لیاگیا۔اراکین اسمبلی نے کہا کہ شہر کے ساتھ بڑے قصبات اور ٹاؤنز میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھی جائے۔ حکومت واگزار کروائے گئے مقامات کا قبضہ برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات کرے.