ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وساکھی میلے کی خوشی میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ، آتشبازی سے آسمان پر ہر طرف رنگ و نور پھیل گیا ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 10 منٹ تک شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔آتشبازی کی تقریب میں وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل ، صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ ، ممبران اسمبلی ، صوبائی سیکرٹریز ، ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، ضلعی افسران ، میڈیا نمائندگان سمیت سکھوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور محبت کرنے والا ملک ہے ، مہمان یاتری ہماری پرخلوص میزبانی کی خوشگوار یادیں لے کر جائیں۔انہوں نے کہا کہ سکھ یاتری پاکستان سے محبت اور بھائی چارے کا پیغام لیکر جائیں گے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی ، فول پروف سیکورٹی ،طبی سہولیات ، قیام و طعام کے شاندار انتظامات کیے گئے ہیں۔ڈی سی محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ بابا گورونانک نے ہمیشہ امن ، مجت اور بھائی چارے کا درس دیا۔اس موقع پر سکھ یاتریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے مہمان نوازی کرنے میں کوئی کسرنہیں چھوڑی ، پوری دنیا کے سکھ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں پاکستانی مسلمان بھائیوں کی مہمان نوازی اور پیار عمر بھر یاد رہے گا۔