ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) ننکانہ صاحب ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں “پنجابی کلچر ڈے” جوش و خروش سے منایا گیا۔ تعلیمی ادارے پنجاب کی ثقافتی روایات سے سجے نظر آئے،طلباءو طالبات اور اساتذہ نے روایتی پنجابی لباس زیب تن کیے، جن میں چادریں، پگڑیاں، کھسّے، اجرک، اور چکن کاری والے ک±رتے شامل تھے۔ مختلف اسکولز میں کلچرل پروگرامز منعقد کیے گئے۔ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول چندر نگر میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ننکانہ صاحب محترمہ شازیہ بانو نے خود بھی روایتی پنجابی ثقافتی لباس پہن کر شرکت کی اور طالبات کے ساتھ دن کی خوشیوں میں شریک ہوئیں۔ اساتذہ اور طالبات نے پنجابی رنگوں میں ملبوس ہو کر اپنی ثقافت سے محبت کا عملی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ننکانہ صاحب محترمہ شازیہ بانو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجابی زبان اور ثقافت ہماری پہچان ہے۔ آج کا دن نہ صرف ہماری نوجوان نسل کو اپنی جڑوں سے جوڑنے کا ذریعہ ہے بلکہ یہ دن ہمیں سکھاتا ہے کہ ثقافت میں محبت، بھائی چارہ اور رواداری کا کتنا بڑا پیغام چھپا ہوا ہے۔ ہم اپنی نسلوں کو اپنی دھرتی کی خوشبو، اس کی زبان اور رسم و رواج سے روشناس کرانا چاہتے ہیں، اور تعلیمی ادارے اس پیغام کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔