ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحول فوزیہ اکرم نے کہا ہے کہ شہریوں کو پانی کی قلت کے پیش نظر پانی کے استعمال میں احتیاط برتنے کی تاکید کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری دفاتر، رہائشی عمارتوں میں گاڑیوں کو دھونے کے لیے ہوز پائپ کا استعمال مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور غیر کار واش اسٹیشنز کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ کار واش اسٹیشنز پر ویسٹ واٹر ری سائیکلنگ سسٹم اور چینلز نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے اور گاڑیوں کی آئل واشنگ سمیت نئے کار واش اسٹیشنز کے قیام پر بھی پابندی عائد ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحول نے کہا کہ لان، باغات اور گرین بیلٹس کو فلڈ ایریگیشن کے ذریعے پانی دینے پر بھی پابندی عائد ہے، تعمیراتی سرگرمیوں میں زیر زمین پانی کے استعمال پر پابندی ہو گی، کنسٹرکشن میں صرف ری سائیکل شدہ پانی استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پاکستان کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 188 کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مندرجہ بالا پابندیوں کی خلاف ورزی نظر آنے کی صورت میں ہیلپ لائن ”1373” پر رپورٹ درج کروائیں۔