ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راﺅ کی زیرصدارت پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن اور فیسز کے تعین بارے اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت مدنی، ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر تحریم رانا، چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم شازیہ بانو سمیت پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔سی او ایجوکیشن شازیہ بانو نے اجلاس کو پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن اور ٹیوشن فیسز بڑھانے بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں پرائیویٹ سکولوں کی فیسز کو 05 فیسز سے زائد نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سکولوں کی فیس کا تعین تعلیمی معیار اور فسیلٹیز کے مطابق بڑھانے کی شرط کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایجوکیشن افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ یکم مئی سے سکولوں کی چیکنگ کرکے تعلیمی معیار، انتظامات و سہولیات بارے رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کو فیس بڑھانے سے پہلے محکمہ تعلیم سے اجازت لینا ہو گی، خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کی رجسٹریشن منسوخ، سیل سمیت بھاری جرمانے ہونگے جبکہ نئے سکولوں کی رجسٹریشن سے پہلے بلڈنگز میں سہولیات کا جائزہ لیا جائے گا اور رجسٹریشن سے پہلے تمام متعلقہ ادارے سکول انتظامیہ سے سرٹیفکیٹس لیں گے۔انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ سکولوں میں سٹاف کی کوالیفیکیشن کا معیار بھی طے کیا جائے اور سکولوں میں سٹوڈنٹس کو بہترین سہولیات سمیت معیاری تعلیم دی جائے۔ڈی سی محمد تسلیم اختر راو نے پرائیویٹ سکولوں کے مالکان کو سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سکول قانون کے مطابق 10 فیصد مستحق سٹوڈنٹس کو مفت تعلیم دیں، احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، خانہ پری نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکول تمام فورسز اور سول سروس کے شہدا کے بچوں کو مفت تعلیم دیں جبکہ تمام متعلقہ ادارے رجسٹریشن کے لیے این او سی دیتے وقت شہدا کے بچوں کو مفت تعلیم دینے کا سرٹیفکیٹ لیں۔