حیدرآباد(بیورو رپورٹ) ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ڈاکٹر علی اکبر ہنگورجو کی کتاب ’’ماحولیاتی بحران اور ہم سب‘‘ کی تقریبِ رونمائی حیدرآباد میں سندھی ادبی بورڈ کے چیئرمین مخدوم سعید الزماں عاطف کی زیر صدارت منعقد ھوئی اس موقع پر مخدوم صاحب نے کہا کہ پوری دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل کا سامنا ھے لیکن خاص طور پر ہمارا ملک پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک موسمیاتی تبدیلیوں سے زیادہ متاثر ہو رھے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلاب، خشک سالی اور دیگر قدرتی آفات کی شدت میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ھے۔ اس لئے اس مسئلے کے بارے میں بیداری پیدا کرنا بہت ضروری ھے۔ اس طرح کی کتابیں اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ وقت کا تقاضا ھے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے بارے میں معلومات اردو، سندھی اور دیگر زبانوں میں شائع کی جائیں۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر علی اکبر ہنگورجو کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔اس موقع پر معروف مصنف نصیر مرزا نے کہا کہ ڈاکٹر علی اکبر ہنگورجو گزشتہ دو دہائیوں سے ریڈیو پروگراموں کے ذریعے پاکستان میں ماحولیاتی آگاہی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رھے ہیں۔ ڈاکٹر علی اکبر ہنگورجو کی طرف سے شروع کئے گئے ماحولیاتی آگاہی کے پروگرام “سائی ستابی دھرتی” اور “ماحول نامہ” نے ریڈیو کے سامعین میں کافی مقبولیت حاصل کی۔ براڈکاسٹنگ، موسیقی اور ماحولیات پر ڈاکٹر علی اکبر ہنگورجو کا تحقیقی کام متاثر کن ھے ریڈیو پاکستان کے پروگرام منیجر محمد حسین نے کہا کہ ڈاکٹر علی اکبر ہنگورجو ایک باصلاحیت براڈ کاسٹر ہیں۔ ریڈیو پاکستان قومی اور مقامی پروگراموں کے ذریعے ملک کے مختلف ماحولیاتی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ھے کتاب کے مصنف ڈاکٹر علی اکبر ہنگورجو نے کہا کہ اس کتاب میں ماحولیاتی مسائل کے تاریخی پس منظر سے لے کر عالمی سطح پر زیر بحث موسمیاتی تبدیلی کے نظریات، افکار اور مستقبل کے منظر نامے پر مضامین شامل ہیں