جامشورو : فصیلات کے مطابق، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کے ہدایات پر سالانہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانی مراکز میں شفافیت یقینی بنانے اور کاپی کلچر کے خاتمے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو کی نگرانی میں ویجیلنس ٹیم نے کیڈٹ کالج پٹارو کے مختلف امتحانی ہالوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کیڈٹ کالج پٹارو کے کموڈور فیصل اقبال قاضی، ستارہ امتیاز (ملٹری)، کمانڈنٹ و پرنسپل نے ڈی سی جامشورو کی جانب سے مقرر کردہ ویجیلنس ممبران کو کالج کے امتحانی مرکز اور سی سی ٹی وی کنٹرول روم کا معائنہ کرایا۔
ویجیلنس ٹیم کے چیئرمین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ڈاکٹر منیر احمد تنیو نے کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو میں امتحانی مرکز کا دورہ کرکے طلبہ کی محنت اور امتحانی نظام کی شفافیت دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج کے اساتذہ قابل تعریف ہیں۔
کموڈور فیصل اقبال قاضی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ریاضی کا پرچہ ہو رہا ہے اور مجھے اپنے کیڈٹس پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔ انہوں نے پورا سال محنت کی ہے اور آج امتحان میں بغیر کسی فکر یا مدد کے پرچہ حل کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے فیکلٹی اور تدریسی عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت کا نتیجہ آج نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ہمارے کیڈٹس دیگر مقابلوں میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔
دورے کے دوران ڈی او سیکنڈری کریم بخش سومرو، چیف مانیٹرنگ آفیسر محترمہ فرح سموں اور کیڈٹ کالج پٹارو کے اساتذہ بھی موجود تھے۔