ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ ) ضلعی الیکشن کمشنر ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام ~خصوصی~ افراد میں ووٹ کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔آگاہی سیمینار میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر رائے سلطان بھٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رائے احمد، ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی، سماجی رہنماوں سمیت خصوصی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے نہ صرف خصوصی افراد کے ووٹ ڈالنے کے بنیادی حق پر زور دیا بلکہ ان کے لیے موجود سہولیات، چیلنجز اور اصلاحات پر بھی مفصل گفتگو کی۔نادرا کے نمائندے نے سیمنار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کو شناختی کارڈز کی سہولت انکے گھر کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہے اور دفاتر میں بھی معذور افراد کے لیے خصوصی کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے اپنے خطاب میں کہا کہ خصوصی افراد کی کفالت اور معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہم خصوصی افراد کی صرف امداد ہی نہ کریں بلکہ ان کی معاشرے میں سماجی شمولیت کو یقینی بنائیں۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر رائے سلطان بھٹی نے سیمنار کے شرکائسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے خصوصی ووٹرز کے لیے فراہم کردہ جیسے کہ ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے اور پولنگ اسٹیشنز پر ریمپ کی سہولت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل میں معاشرے کے ہر فرد کی شرکت ایک مضبوط، شفاف اور بااختیار نظام حکومت کی ضمانت قرار دیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خصوصی افراد ہماری کمیونٹی کا اہم حصہ ہیں، ان کی شمولیت کے بغیر جمہوریت مکمل نہیں ہو سکتی۔اس موقع پر خصوصی افراد نے الیکشن کمیشن کو انتخابی عمل میں درپیش مشکلات بارے آگاہ کیا اور اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔