نئی دہلی__ بھارت کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 11ریاستوں اور وفاق کے ایک زیرِ انتظام علاقے کی 93 نشستوں کے لیے پولنگ مکمل ہوگئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق منگل کی سہ پہر تین بجے تک 51 فی صد ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔
پہلے اور دوسرے مرحلے میں 19 اور 26 اپریل کو ہونے والی پولنگ میں تقریباً 66 فیصد ٹرن آؤٹ رہا جو کہ 2019 کے مقابلے میں کم تھا۔ الیکشن کے آئندہ مرحلوں کے لیے 13، 20 اور 25 مئی اور یکم جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
منگل کو پولنگ کے دوران بعض مقامات پر تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں۔ مغربی بنگال کے جنگی پور اور مرشد آباد میں مرکز میں حکمراں جماعت ’بھارتیہ جنتا پارٹی‘ (بی جے پی) اور ریاست میں حکمراں ’ترنمول کانگریس‘ (ٹی ایم سی) کے کارکنوں میں تصادم ہوا۔
جنگی پور میں ایک پولنگ بوتھ پر بی جے پی کے امیدوار دھننجے گھوش اور ٹی ایم سی کے کارکنوں میں تکرار کے بعد تصادم ہوا۔
ٹی ایم سی کا الزام ہے کہ بی جے پی امیدوار نے رائے دہندگان کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔ شمالی مالدہ حلقے کے رتووا پولنگ بوتھ پر نامعلوم افراد نے ایک بم پھینکا جس میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہےریاست اترپردیش کے سنبھل کے چودھری سرائے پولنگ اسٹیشن پر ایک بلاک لیول آفیسر (بی ایل او) نے الزام عاید کیا کہ پولیس نے اس سے ووٹر پرچیاں چھین لیں۔ اس کی اطلاع سماجوادی پارٹی کے امیدوار ضیاء الرحمن برق کو دی گئی۔ ان کے آنے کے بعد پولیس کے ساتھ ان کا ٹکراؤ ہوا۔
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی پر ان کے کارکنوں کو مشتعل کرنے کا الزام لگایا ہے۔ تاہم انھوں نے امن قائم رکھنے کی بات کہی اور اپنی پارٹی کی جیت کی یقین دہانی کرائی۔
انھوں نے یہ کہتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اقدام کرنے کی اپیل کی کہ بی جے پی کارکن بوتھ لوٹنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
تیسرے مرحلے کی پولنگ کے ساتھ 543 میں سے 285 سیٹوں پر پولنگ مکمل ہو چکی ہے۔ جب کہ گجرات، کرناٹک، گوا، چھتیس گڑھ اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں دادر اینڈ نگر حویلی اور دمن اینڈ دیو میں تمام نشستوں پر ووٹ ڈالے جا چکے ہیں۔ جنوبی ریاست تمل ناڈو میں بھی پہلے ہی پولنگ مکمل ہو چکی ہے۔
تیسرے مرحلے میں جو اہم شخصیات میدان میں تھیں ان میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزرا جیوترادتیہ سندھیا اور پرہلاد جوشی،کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری، سماجوادی پارٹی کے صدراکھلیش یادو کی اہلیہ ڈمپل یادو، سینئر کانگریس رہنما دگ وجے سنگھ، بی جے پی کے شیو راج سنگھ چوہان، اے آئی یو ڈی ایف کے مولانا بدر الدین اجمل اور شرد پوار کی بیٹی این سی پی کی سپریہ سولے قابل ذکر ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کی صبح ہی گجرات کے احمد آباد میں اس موقعے پر مودی نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں اور جمہوریت کے اس تہوار کا جشن منائیں۔ وہ تیسری بار حکومت سازی کی کوشش کر رہے ہیں ڈالا۔ امت شاہ گاندھی نگر سے امیدوار ہیں۔
ٹی ایم سی، بی جے پی اور کانگریس و کمیونسٹ پارٹی مارکسسٹ (سی پی ایم) کے اتحاد نے پولنگ کے ابتدائی چند گھنٹوں میں تشدد، رائے دہندگان کو دھمکانے اور پولنگ ایجنٹوں پر حملوں کی شکایت کی۔ الیکشن کمیشن کو صبح نو بجے تک ایسی 182 شکایات موصول ہوئی تھیں۔