بھاولپور(میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے) تحصیل ہسپتال چشتیاں کے آنکھوں کے سرجن ڈاکٹر مسعود احمد جتالہ اور سرجن ڈاکٹر اسامہ جاوید نے کہا ہے کہ ہسپتال میں ایم ایس ڈاکٹر عمران انور کی کوششوں کے نتیجہ میں اڑھائی ماہ کے دوران آنکھوں کے 7ہزارسے زائد مریضوں کے علاج معالجہ کے علاوہ جدید مشنری کے ذریعے ایک سو سے زائد مریضوں کی آنکھوں کے مفت اپریشن کئے گئے ہیں جس کے نتیجہ میں مریضوں کو 40لاکھ روپئے سے زائد بچت ہوئی ہے۔ہسپتال میں آنکھوں کے مفت اپریشن کے لئے آئی سرجن ڈاکٹر اسامہ جاوید نے 50لاکھ روپئے مالیت کی اپنی ذاتی فیکو مشین رضاکارانہ طور پر ہسپتال میں استعمال کرکے غریب اور مستحق افراد کی آنکھوں کے مفت اپریشن کرنے میں بڑی مدد دی ہے۔ ڈاکٹر مسعود احمد جتالہ اور ڈاکٹر اسامہ جاوید نے اپریشن کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ہسپتال میں روزانہ 100سے زائد مریضوں کے چیک اپ کے بعد ادویات مفت دی جاتی ہیں اور ہفتہ میں ایک دن اپریشن ڈے رکھا ہے اور اپریشن کے مریضوں کا مکمل ریکارڈ موجود ہے اپریشن کے بعد ادویات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آنکھ کی رسولی،ناخونہ،سفید موتیا،کالا موتیا کے اپریشن کئے جاتے ہیں۔اپریشن تھیٹر میں عملہ کی کمی کی بنا پر چشتیاں کے سماجی کارکن وقاص حسین آنکھوں کے مریضوں کے علاج معالجہ اور اپریشن کے دوران رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔