حیدرآباد میں شدید گرمی کے ساتھ ہی حیسکو کا سارا نظام زمین بوس ہوگیا، لاکھوں شہری لوڈشیڈنگ اور بجلی کی بندش کے ہاتھوں اذیت سے دوچا ر ، شہر کے بیشتر علاقوں میں 12سے 14گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ، خراب ٹرانسفارمر کئی روز گزر جانے کے باوجود درست نہیں کئے جاسکے، شہریوں کا پارہ ہائی ہوگیا، گھروںمیں موجود خواتین جھولیاں پھیلاپھیلاکر بددعائیں دینے لگیں۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں آئے ہوئی شدید گرمی کی لہر کے ساتھ ہی بجلی کی بندش نے شہریوں کو نڈھال کردیا ہے۔ شہر کے بیشتر گنجان آباد علاقوںمیں کئی دن سے خراب بجلی کے ٹرانسفارمر نہ تو درست کئے جارہے ہیں اور نہ ہی صارفین کو متبادل بجلی دی جارہی ہے جس کے باعث شدید گرمی میں شہری اذیت سے دوچار ہیں، خاص طورپر ہوم اسٹیڈ ہال چاڑی حسرت موہانی لائبریری کے باہر لگے اولڈ فورٹ ٹرانسفارمر 6 روز سے خراب ہے جس سے سینکڑوں بجلی سے محروم ہیں، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی بھی شدید قلت ہے، اسی طرح پھلیلی پریٹ آباد، گئوشالہ، لیاقت کالونی، فردوس کالونی، لطیف آباد کے مختلف یونٹوں اور قاسم آباد کے علاقوں میں خراب ہونے والے بجلی کے ٹرانسفارمر حیسکو کا عملہ درست کرنے کیلئے منہ مانگے پیسے طلب کررہا ہے، ٹرانسفارمر کی مرمت کرانے ، ٹرانسفارمر کو پول سے اتارنے اور چڑھانے کیلئے صارفین سے پیسے وصول کئے جارہے ہیں ، ادھر حیسکو چیف اور دیگر افسران اس تمام صورتحال پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، حیسکو کا عملہ حیسکو ترجمان صادق کنبھر جو خود تین کروڑ روپے کی بدعنوانی میںملوث ہیں اس کا کہنا ہے کہ اگر کوئی حیسکو کا اہلکار کسی صارف سے پیسے طلب کرے تو اس کی اطلاع حیسکو کے اعلیٰ افسران کو کی جائے ، ادھر حیسکو کے سب ڈویژنوں پر نہ تو ایس ڈی او بیٹھتے ہیں، نہ ہی ایکسین اور نہ ہی لائن سپرنٹنڈنٹ کسی صارفین کی بات سننے کوتیار ہے، صارفین شدید گرمی میں اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں۔
حیدرآباد کی انتظامیہ نے دودھ فروشوںکے آگے گھٹنے ٹیک دیئے، دودھ کی فی لیٹر قیمت میں15 روپے من مانے اضافے کردیئے ہیں، اب شہر میں دودھ 215 روپے فی لیٹر فروخت کیا جارہا ہے جو حیدرآبادکے غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے اضافی بوجھ ہے، حیدرآباد میں پہلے ہی ڈیری مالکان اور دودھ فروش گورنمنٹ کی مقرر کردہ نرخوںسے زیادہ میں دودھ فروخت کررہے تھے اوپر سے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کے دستخط سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دودھ کی قیمت میں 15 روپے اضافہ کردیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ دودھ ہر گھر کی ضرورت ہے ، پہلے ہی دودھ مہنگا ہونے اور عوام کی قوت خرید ختم ہوجانے کی وجہ سے شہریوں نے ایک کلو کے بجائے آدھا کلو دودھ خرید کر اپنا گزر بسر شروع کیا ہوا ہے اب مزید صورتحال خراب ہورہی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ کی قیمتوںمیں فوری کمی کی جائے تاکہ غریب عوام بھی دودھ خرید سکیں۔
سندھ پبلک سروس کمیشن نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی بی پی ایس 18 کے حتمی نتائج کا اعلان کردیا، 5 خواتین امیدواروں سمیت 17 امیدوار کامیاب قرار ۔سندھ پبلک سروس کمیشن نے محکمہ قانون و پارلیمانی امور میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی BPS-18 کے زبانی امتحان کے نتائج جاری کردیے، مجموعی طور پر 17 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ایس پی ایس سی نے مذکورہ محکمہ میں خالی آسامیوں کے بارے میں اشتہار نمبر 3/2023 کے ذریعے مطلع کیا تھا، جس میں مطلوبہ تعلیم کے حامل2990 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی BPS-18 کا تحریری امتحان دسمبر 2023 میں کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ کے مختلف مراکز پر منعقد ہوا جس میں کامیاب ہونے والے 71 امیدواروں کا نتیجہ اپریل 2024 میں جاری کیا گیا اور انہیں مطلوبہ کاغذات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کا زبانی امتحان جون 2024 میں لیا گیا تھا جس میں کامیاب امیدواروں کے حتمی نتائج جاری کر کے ان کی تقرری کے لیے مذکورہ محکمہ کو سفارش کی گئی ہے۔مذکورہ محکمے میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی BPS-18 کے بارے میں ایس پی ایس سی کی جانب سے جاری کردہ نتائج میں، سندھ میں مروجہ تمام آئینی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے 17 امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ کامیاب امیدواروں کی فہرست سندھ پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
حیدرآباد میں نیگلیریا سے بچا کے اقدامات ، مئیر حیدرآباد کاشف شورو اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین کی ہدایت پر منیجنگ ڈائریکٹر/ سی ای او واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن زاہد کھیمٹیو نے سینئر افسران پر مشتمل 6 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دے دی ۔ کمیٹی واٹر کارپوریشن کے جملہ فلٹر پلانٹس اور دیگر آبی تنصیبات سے صحت بخش پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہمہ وقت فعال رہے گی ۔ میڈیا سیل حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق حیدرآباد میں دماغی وائرس نیگلیریا سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لئے مئیر حیدرآباد کاشف شورو اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین کی خصوصی ہدایت پر منیجنگ ڈائریکٹر/ سی ای او واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن زاہد کھیمٹیو نے XEN ٹریٹمنٹ ڈویژن شیون کمار کی سربراہی میں ایک 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو فوری طور پر فعال ہوگی ۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں XEN قاسم آباد واٹر سپلائی ڈویژن عمران خان ، XEN سٹی واٹر سپلائی ڈویژن اشتیاق صدیقی ، AEN پریٹ آباد واٹر سپلائی سب ڈویژن عمران مانی ،AEN پریٹ آباد واٹر سپلائی/ لطیف آباد سیوریج سب ڈویژن محمد عادل اور AEN نیو ٹریٹمنٹ پلانٹ/ اولڈ ٹریٹمنٹ پلانٹ واٹر سپلائی سب ڈویژن محمد عامر شامل ہیں ۔ تشکیل کردہ کمیٹی واٹر کارپوریشن کی جملہ آبی تنصیبات پر کلورینیشن کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے وضع کردہ معیار کو یقینی بنائے گی ۔ کمیٹی حالیہ نیگلیریا کیس کے تناظر میں تمام فلٹر پلانٹس ، واٹر ورکس اور دیگر آبی تنصیبات کی مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ اور معائنے کے ذریعہ صحتِ عامہ کو یقینی بنائے گی ۔ جبکہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد کے فوکل پرسنز سے مربوط رہتے ہوئے مذکورہ تنصیبات کے مشترکہ دورے بھی کمیٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں ۔ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی اپنی کارکردگی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر اعلی حکام کو پیش کرنے کی پابند ہوگی ۔
رقم کے تنازعے پر مغوی نوجوان سٹی پولیس کی کارروائی میں بازیاب، اغوا کار گرفتار،ایس ایچ او سٹی انسپکٹر عمران رشید شیخ کی اپنے اسٹاف کے ہمراہ کارروائی ، تفصیلات کے مطابق نوجوان سید ربی جعفری جوکہ ادویات کی فروخت کے کاروبار سے منسلک ہے اور اس کا اپنے ساتھی سید کاشف و دیگر سے رقم کا لین دین تھا، نوجوان کا اپنے ساتھیوں سے رقم پر تنازعہ ہوا جس کے نتیجے میں ملزمان نے اپنی رقم نکلوانے کیلئے سید ربی جعفری کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر حبس بے جا میں رکھ کر اسکے والد کو پیسوں کا انتظام کرنے کیلئے کہا مغوی کے والد کی جانب سے اس سارے واقعے اور اپنے بیٹے کے اغوا ہوجانے کی اطلاع سٹی پولیس کو دی گئی جس پر ایس ایچ او سٹی نے بروقت اس واردات کا مقدمہ کرائم نمبر 93/2024 زیر دفعہ 365,34 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کرکے مغوی کی بازیابی کیلئے کارروائیوں کا آغاز کردیا ، سٹی پولیس کی بروقت پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے کارروائی کے نتیجے میں مغوی نوجوان سید ربی کو کوہ نور چوک کے قریب سے بازیاب کرالیا جبکہ اس واردات میں ملوث ملزمان سید کاشف اور علی اصغر میمن کو نوجوان کو اغوا کرکے حبس بے جا میں رکھنے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا ، مغوی نوجوان کو ایس ایچ او سٹی نے باخیریت اس کے والد سید توفیق احمد جعفری کے حوالے کردیا ۔
ٹنڈوجام پولیس کی شاندار کارروائی، ایزی پیسہ شاپ پر جعلسازی سے رقم بٹورنے میں ملوث گینگ کا سرغنہ گرفتار،حیدرآباد کے مختلف تھانہ جات کی حدود میں یکساں شکایات موصول ہوئی کہ کوئی نامعلوم جعلساز گینگ سرگرم ہوکر اپنی جعلسازی سے مختلف ایزی پیسہ شاپ سے رقوم بٹور کر فرار ہو جاتے ہیں،ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی نے ایسی شکایات پر تمام ایس ایچ اوز کو متحرک ہوکر ایسے گینگ کو پکڑنے کا ٹاسک دیا،ایس ایس پی حیدرآباد کی جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے SHO ٹنڈوجام انسپیکٹر ریاض احمد بھٹو نے DSP آغا عبد المجید پٹھان کی سربراہی میں خفیہ انفارمیشن اور ٹیکنیکل سپورٹ کی مدد سے جعلساز گینگ کے سرغنہ کو ٹنڈوجام زرعی یونیورسٹی کے قریب سے گرفتار کرلیا زیر حراست ملزم کی شناخت محمد بلال کے نام سے ہوئی گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک عدد ٹی ٹی پسٹل بھی برآمد ہوا ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے اپنا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد اور خود کو جعلساز گینگ کا سرغنہ ظاہر کیا،ملزم نے اپنے بیان میں طریقہ واردات کچھ اس طرح بتایا کہ ہم لوگ مختلف ایزی پیسہ شاپس پر جاتے ہیں اور انہیں بھاری رقم ٹرانسفر کا کہتے ہیں پھر وہ موبائل اپنے ہاتھ میں لیکر اپنی ٹیکنیک سے انکے موبائل کو ہیک کرلیتے ہیں جس سے رقم تو ٹرانسفر ہو جاتی ہے لیکن انہیں کمپنی سے تصدیق کا میسج موصول نہیں آتا جو ہمارے جانے کے 10/12 گھنٹے بعد موصول ہوتا ہے،ملزم نے مزید اپنے بیان میں حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں قائم ایزی پیسہ شاپس سے اب تک لاکھوں روپے بٹورنے کی وارداتوں کا اعتراف کیا
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل مرکزی نائب صدر پیر یاسر سائیں کے میڈیا کوارڈینیٹر سینیئر رہنما حیدراباد شاہد خان اور دیگر نے یاسر ہاس حیدراباد سے اپنے جاری ایک بیان میں تشویش ظاہر کرتے ہوئے ہیسکو چیف روشن اوڈوھ صاحب اے سی سرکل ون ایکس این گاڑی کھاتا عاقب شاہ ایس ڈی او گاڑی کھاتا اور میمن ڈویژن کہ ایس ڈی او تمام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری خاتمے کے لیے ہر علاقے کے پرائیویٹ الیکٹریشن کی ایف ائی ار اور بھاری جرمانہ عائد کیے جائیں کیونکہ ہر علاقے میں جس میں شاہی بازار چھوٹکی گٹی صرافہ بازار مکتی گلی فقیر کا پیڑ ننو چھولے والے کا ایریا ان تمام ایریے جگہوں پر پرائیویٹ الیکٹریشن سرگرم ہے جو ادھی ادھی راتوں کو چوری کی لائنوں کا جال بچھاتے ہیں اور گلیوں سے چھتوں تک سروس تاریں دوسرے علاقوں تک پہنچاتے ہیں اور ماہانہ ہزاروں روپے منتھلیاں وصول کرتے ہیں ان پرائیویٹ الیکٹریشن کی وجہ سے ٹرانسفارمر میں لوڈ بڑھتا ہے اور ائے دن خرابی کا سبب بن کر پورے پورے علاقوں کو اندھیروں میں ڈبو دیتا ہے اور وہ صارفین جو ماہانہ بل ادا کرتے ہیں ان کے گھروں میں اندھیرا اور وولٹیج کی کمی کی وجہ سے پریشانی میں مبتلا رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ جب تک ان پرائیویٹ الیکٹریشن کے خلاف کاروائی نہیں ہوگی تب تک بجلی چوری کا خاتمہ ممکن نہیں ہے ائے دن لوڈ بڑھ جانے سے ٹرانسفارمر خرابی معمول بنی ہوئی ہے جس کی وجہ سے مرمت کے کام تاخیر کا شکار رہتا ہے دوسری جانب پرائیویٹ الیکٹریشن مافیا سرگرم ہے جو ماہانہ ایک سے دو لاکھ کی ریکوری کرتے ہیں اور پریشان بل بھرنے والے صارفین ہوتے ہیں جس کے لیے انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر علاقے کے الیکٹریشن جو بجلی چوری میں ملوث ہیں ان کے خلاف ایف ائی ار درج کی جائے اور پانچ سے 10 لاکھ کے جرمانہ عائد کیے جائیں تاکہ بجلی چوری کا خاتمہ ہو سکے اس کے علاوہ انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ ہر ڈویژن میں ٹیم تشکیل دی جائے جو راتوں کو کنڈا لگانے والے پرائیویٹ الیکٹریشن پر نظر رکھیں جس کے لیے علاقہ مکین بھی حسسکو کے ساتھ اپنا مکمل تعاون تعاون کریں گے جس کے لیے انہوں نے حسسکو چیف ایگزیکٹو روشن اوڈو صاحب اور تمام افسران سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حسسکو گاڑی کھاتا حسسکو میمن ڈویژن پرائیویٹ الیکٹریشن کے خلاف گہرا تنگ کریں اور ایف ائی ار درج کروائیں تاکہ ائے روز کے ہیوی لوڈ اور خرابی سے علاقہ مکین کو نجات مل سکے
وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالجبار خان نے حیدرآباد میں بجلی کی طویل بندش اور شہریوں کو اذیت میں مبتلا کئے جانے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیسکو انتظامیہ شہریوں کے مسائل فوری طورپر حل کرے تاکہ گرمی کے اس موسم میں صارفین پریشانی سے بچ سکیں، انہوں نے کہاکہ حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں حیسکو کا نظام بوسیدہ ہوگیا ہے، آندھی اور بارش شروع ہوتے ہی بیشتر علاقوں میں بجلی کئی کئی دن کیلئے بند ہوجاتی ہے جس سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی ہر گھر کی ضرورت ہے اور خاص طورپر حیدرآباد سمیت سندھ صنعتی علاقوںمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پیداواری عمل بھی متاثر ہورہا ہے اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے، ، لہٰذا عوام کے اس دیرینہ مسئلے کو فوری حل کرنے کیلئے حیسکو انتظامیہ سنجیدہ اقدامات کریں کیونکہ پیپلزپارٹی غریب عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ ہم یہ سمجھتے ہیںکہ عوام کے مسائل اگرحل نہ ہوئے تو پھر عوام میں پائے جانے والا غم وغصہ ہر ایک چیز کیلئے نقصان دہ ہوگا۔