سکرنڈ(رپورٹ ولی محمد بھٹی)
ملک بھر کی طرح ضلع شہید بینظیر آباد میں بھی کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر یوم استحصال کشمیر منایا گیا اس موقع پر ایک منٹ کے لئے خاموشی اختیار کی گئی جبکہ ضلع انتظامیہ شہید بینظیر آباد کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون شہید بینظیرآباد نواب سمیر لغاری اور اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ اقبال احمد تنیو کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس سے نواب شاہ پریس کلب تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا،جس میں روینیو ،اطلاعات، صحت، تعلیم کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ریلی کے شرکاء کی جانب سے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔ ، ریلی کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد نواب سمیر لغاری،اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ اقبال احمد تنیو، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد سلیم بھٹی اور دیگر نے کہا کہ 5 اگست 2019 پربھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے آئین کےآرٹیکل 35 اے اور آرٹیکل 370 کو منسوخ کرتے ہوئے متنازعہ علاقہ جموں وکشمیر کو آئینی طور پرباضابطہ اپنا حصہ قرار دیا تھا، جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر پر ناجائز قبضہ برقرار رکھتے ہوئے مظلوم کشمیری عوام پر ظلم کی انتہا کردی ہے، اب وقت آ چکا ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کشمیری بھائیوں کو بھارتی فوج کے مظالم سے آزادی دلائیں، انہوں نے مزید کہا کہ آج یوم استحصال کشمیر منانے کا مقصد بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر کیے گئے مظالم کی مذمت اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے اور دنیا کو بھارت کا ناپاک چہرہ دکھانا ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام ہر محاذ پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔دوسری جانب ضلع کی دیگر تحصیلوں سکرنڈ، قاضی احمد ، دوڑ میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلیاں نکالی گئی ۔