مظفرگڑھ: وائس آف پاکستان جرنلسٹس یونین کا صحافی اشفاق احمد سیال کہ ٹارگٹ کلنگ پر اظہار مذمت!
رپورٹ: پرویز بھٹی
مظفرگڑھ میں موٹر سائیکل سواروں نے صحافی اشفاق احمد سیال کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جس سے وہ جان بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ تھرمل بائی پاس کے مقام پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے روزنامہ خبریں اور روزنامہ سچ کے نمائندہ اشفاق احمد سیال کو روک کر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جنہیں انتہائی تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
وائس آف پاکستان جنرلسٹس یونین کی مرکزی صدر میڈم عزرا مہر، صدر سندھ پرویز بھٹی،سینیئر نائب صدر سندھ اظہر بلوچ، نائب صدر سندھ میڈم ہاجرہ مظہر،جنرل سیکرٹری سندھ نوید غوری، انفارمیشن سیکرٹری سندھ میڈم راشد خان، ایگزیکٹو ممبر سندھ میڈم نصرت بانو، چیئرمین پنجاب سردار ظفر اللہ خان، صدر پنجاب ذلفقار کھوکھر، جنرل سیکرٹری پنجاب سید عامر حسین شاہ، میڈیا کوارڈینیٹر لاہور میڈم ثمینہ کوثر، انفارمیشن سیکرٹری پنجاب چوہدری عبدالقیوم اور دیگر ممبران نے اپنے مشترکہ بیان میں اس واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح سے ناکام ہو چکی ہے۔ صحافی اشفاق احمد سیال کی دن دہاڑے ٹارگٹ کلنگ حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے صحافی اشفاق احمد سیال کے لواحقین سے اظہار یکجتی کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور مجرموں کی گرفتاری تک سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان، وزیراعظم پاکستان، چیف آف ارمی سٹاف، چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعلیٰ پنجاب، اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کرتے ہوئے اس واقعہ میں ملوث مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کرنے، غیر جانبدارانہ انکوائری کرکے حقائق کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مجرموں کو سخت سے سخت سزا دے کر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ایسے واقعات صحافیوں کو خوف زدہ کرنے اور ان کو اپنے فرائض سے روکنے کی ناکام کوشش ہے۔ صحافی ایسے اوچھے ہتھکنڈوں اور واقعات سے خوفزدہ نہیں ہوگی۔ تمام صحافی متحد ہیں اور ایسے عناصر اور مافیہ سے خوفزدہ ہوئے بغیر اپنے فرائض کو احسن طریقے سے نبھائیں گے۔