خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) مینیجر نیشنل بینک نورپور تھل ملک خالد محمود اولکھ کی بھرپور مخلصانہ کوششیں رنگ لائیں، بینک میں اے ٹی ایم مشین نصب کر دی گئی ، عوامی سماجی حلقوں کی طرف سے تمام متعلقہ ارباب اختیار کو زبردست خراج تحسین اور اظہار تشکر ۔ نیشنل بینک نورپورتھل میں اے ٹی ایم مشین نہ ہونے کی وجہ سے وسیع و عریض علاقہ تھل کے ملازمین، پنشنرز اور کاروباری حضرات کو مشکلات کا سامنا تھا ۔ چنانچہ اس صورتحال کے پیش نظر ہر دلعزیز مینیجر نیشنل بینک نورپور تھل ملک خالد محمود اولکھ نےیہاں پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے ساتھ ہی عوامی حلقوں کی مشکلات کے ازالے کی خاطر اے ٹی ایم مشین کی تنصیب کے لیے متعلقہ ارباب بست وکشاد سے مسلسل رابطہ رکھا ہوا تھا ۔ ملک خالد محمود اولکھ کی ان مخلصانہ کوششوں کے حوالے نورپورتھل پریس کلب کے فاؤنڈر ممبرز ملک محمد حیات جوئیہ، ایم نوردین اور راجہ نورالہی عاطف کو کچھ عرصہ قبل ریجنل ہیڈ نیشنل بینک میانوالی شیخ ارشد عباس نے بینک ہذا کے وزٹ کے موقع پر ایک خصوصی نشست کےدوران بھی بتایا تھا جس میں سینیئر آفیسر نیشنل بینک ملک ابوبکر بھی موجود تھے ۔ دریں اثناء عوامی، سماجی،کاروباری اور صحافتی حلقوں نے اہلیان علاقہ کا یہ درینہ مطالبہ پورے کرنے پر جی ایم نیشنل بینک فیصل آباد رانا اصف وکیل ، ریجنل ہیڈ نیشنل بینک میانوالی شیخ ارشد عباس ، اپریشنل آفیسر ملک محمد مشتاق اور مینیجر نیشنل بینک نورپورتھل ملک خالد محمود اولکھ کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے ۔ دریں اثناء مینیجر نیشنل بنک نورپورتھل ملک خالد محمود اولکھ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ الحمدللہ بینک ہذا میں اے ٹی ایم مشین نصب کر دی گئی ہے جو انشاءاللہ بہت جلد ایکٹو کر دی جائے گی اور علاقہ کے لوگ اس سے استفادہ حاصل کریں گے ۔