.jpg)
ریلویز پولیس کی ہفتہ وار فلاحی کاركردگی کی تفصیل جاری، 24 گمشدہ اور گھر سے بھاگے بچے ورثاء کے حوالے، کراچی ڈویژن سرِ فہرست
نوشہروفیروز( رپورٹ محمد بلال آرائیں) ریلویز پولیس کی آٹھوں ڈویژن نے ماہ مئی کے دوسرے ہفتے 06 مئی سے 12 مئی تک مسافروں کی خدمت اور دیگر سہولیات مہیا کرتے ہوئے 24 گھر سے بھاگے اور گمشدہ جن میں بچے، بچیاں اور لڑکیاں شامل ہیں کو سلامتی سے انکے ورثاء کے حوالے کیا۔ اسکے علاوہ 50 مسافروں کو انکا قیمتی سامان جسکی مالیت تقریباً 04 لاکھ 95 ہزار روپے بنتی ہے کو بحفاظت اور ایمانداری کے ساتھ انکے حوالے کیا گیا۔ اسی طرح 263 مسافروں جن میں ضعیف اور زخمی شامل ہیں کو وہیل چیئرز اور فرسٹ ایڈ کی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار کارروائی میں کراچی ڈویژن کو فلاحی کارکردگی کے حساب سے بہترین ڈویژن قرار دیا گیا جس نے گھر سے بھاگے/بھاگی 9 بچوں اور بچیوں کو انکے ورثاء کے حوالے کیا جس کی تعداد دوسرے ڈویژنوں کے مقابلے میں زیادہ رہی۔ کراچی ڈویژن نے 13 مسافروں کو انکا قیمتی سامان جس کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 39 ہزار 7 سو بنتی ہے واپس کیا۔ اسکے علاوہ 86 مسافروں کو وہیل چیئر اور فرسٹ ایڈ کی سہولت فراہم کی گئی۔
اسی تناظر میں پشاور ڈویژن نے 4، راولپنڈی 3، جبکہ لاہور اور ملتان دونوں نے 1-1 اور سکھر نے 6 بچوں اور لڑکیوں کو ورثاء کے حوالے کیا۔ مزید گمشدہ سامان کی واپسی اور دیگر امداد کی صورت میں پشاور ڈویژن نے 25، راولپنڈی نے 89، لاہور نے 67، ملتان 11، سکھر 12 اور کوئٹہ نے 10 مسافروں کی معاونت کی۔
ریلویز پولیس ‘پہلے سلام پھر کلام’ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ریل مسافروں کی خدمت، رہنمائی اور امداد کرنے میں ہمیشہ مصروفِ عمل ہے۔