تھانہ مارگلہ کی حدود پمز ہسپتال کے بالکل سامنے اسلام آباد کے نیو بلیو ایریا میں زیر تعمیر ELYSIUM MALL کے دفتر میں نامعلوم افراد نےفائرنگ کرکے پراپرٹی ڈیلر کو سیکیورٹی گارڈ سمیت قتل کر دیا۔ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مقتول شہزاد ستی کوٹلی ستیاں کے معروف سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیت تھے۔ پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے پمز ہسپتال منتقل کرا دی ہیں۔ واقعہ 6 اور 7 ستمبر 2024ء جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پیش آیا۔ مارگلہ پولیس کے مطابق پمز ہسپتال اور سینٹورس مال کے بالکل سامنے نیو بلیو ایریا میں نئے تعمیر ہونے والے ٹاور میں فائرنگ کا واقع پیش آیا ہے۔ فائرنگ ELYSIUM MALL میں اس وقت کی گئی جب دو پارٹیوں کے مابین تلخ کلامی ہوئی اور ساتھ ہی نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے نوجوان شہزاد ستی اور ان کے گارڈ کاوش کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ مارگلہ پولیس کے مطابق مقتول شہزاد ستی پراپرٹی کا کاروبار کرتا تھا جبکہ مقتول کاوش سیکورٹی گارڈ تھا۔ دونوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی شناخت کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ اکٹھی کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق واقعہ رات 3 بجے پیش آیا ۔