ٹنڈوآدم (رپورٹ کامران انصاری)
ٹنڈوآدم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل ڈکیتی میں ملوث 2 ملزمان کو 5 موٹر سائیکلوں سمیت گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی ٹنڈو آدم محمد موسیٰ ابڑو نے ایس ایچ او ٹنڈو آدم محمد حنیف مہر کے ہمراہ سٹی تھانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 3 جون کو ٹنڈو آدم کے علاقے ٹنڈوالہیار روڈ سے تین ملزمان نے مختلف فیکٹریوں کو سامان سپلائی کرنے والے پنجاب کے رہائشی محمد جمعہ ولد امیر بخش پنجابی سے موٹرسائیکل چھین لی تھیں جس کی شکایت پر ہم نے ٹیم تشکیل دے کر تکنیکی و ذاتی وسائل استعمال کرتے ہوئے اصل ملزم احمد برڑو کے رہائشی مور برڑو اور شھدادپور تحصیل کے گاؤں میر حسن بروہی کے رہائشی غلام مرتضی بروھی کو گزشتہ روز چوری شدہ موٹر سائیکل، 2 ٹی ٹی پستول اور 9 گولیوں سمیت گرفتار کر لیا۔
محمد موسیٰ ابڑو نےبتایا کہ مزید پوچھ گچھ کے بعد ملزمان کے قبضے سے مزید 4 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں جو کہ تھانہ سکرنڈ، ہالا اور سعید آباد کی حدود سے چھینی گئی ہیں جن کے مالکان کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں اور متعلقہ تھانوں سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ ملزمان کے مطابق ان کے ساتھی 16 کے قریب موٹر سائیکلیں چوری کر چکے ہیں اور پولیس ان کے ساتھی ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے جن کو جلد از جلد گرفتار کر کے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کی جائیں گی