چشتیاں (میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے )
وزارت برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی اور انسا نی وسائل کے پارلیمانی سیکرٹری چوہدری احسان الحق باجوہ (ایم این اے)نے کہا ہے کہ حکومت صنعتی کارکنان کے مسائل کو حل کرنے اورورکرز ویلفیئر فنڈ کی خدمات میں مزید بہتری لانے کے لیے پرعزم ہے اور صنعتی کارکناں کے لیے فراہم کی جانے والی مجموعی فلاح و بہبود اور امداد کو بہتر بنانا ہے۔انہوں نے ورکرز ویلفیئر فنڈ (WWF) اسلام ٓبادکا دورہ کیا اور اس موقع پرورکرز ویلفیئر فنڈ کے سیکرٹری ذوالفقار احمد نے پارلیمانی سیکرٹری کو ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات اور منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ان منصوبوں میں مکانات کی تعمیر، تعلیمی وظائف، صحت کی سہولیات، اور دیگر فلاحی اقدامات شامل تھے۔ بریفنگ میں ان پروگراموں کے نفاذ میں درپیش چیلنجز اور اُنکی ممکنہ حل پر روشنی ڈالی گئی۔چوہدری احسان الحق باجوہ نے WWF کی جانب سے صنعتی کارکنان اور ان کے خاندانوں کی معاشی اور سماجی ترقی میں بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلاحی اقدامات ان لوگوں تک پہنچنی چاہئیں جو واقعی ان کے مستحق ہیں۔