مویشی مالکان سمیت سرکاری فارموں پر جانوروں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگانے کے پروگرام فوری طور پر شروع کیے جائیں ، سید نجمی عالم
تمام افسران فوری طور پر ڈویژنل کمشنرز سے رابطہ کرکے ریلیف کیمپوں کا مکمل ڈیٹا حاصل کریں
کراچی (ظفر عالم ملک ) وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سید نجمی عالم نے کہا ہے کہ مویشی مالکان سمیت سرکاری فارموں پر جانوروں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگانے کے پروگرام فوری طور پر شروع کیے جائیں پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے دونوں محکموں کے ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کی فوری دیکھ بھال کی جائے، اور بیماریوں سے بچاؤ اور مچھروں کے خاتمے کیلئے اسپرے کا بھی انتظام کیا جائے۔ سید نجمی عالم نے اپنے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ڈویژنل کمشنرز سے رابطہ کرکے ریلیف کیمپوں کا مکمل ڈیٹا حاصل کریں اور اپنے عملے کو وہاں منتقل کریں تاکہ نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے ساتھ ان کے جانوروں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فوری نتائج چاہئیں، مجھ سمیت سیکرٹری محکمہ کو روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ ملنی چاہئیے بصورت دیگر تمام اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو دیے گئے ڈی ڈی او کے اختیارات ختم کرنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ میں سندھ کے ہر ضلع میں ریلیف کیمپوں کا دورہ کروں گا تاکہ محکمہ کی جانب سے بارش کے متاثرین کو فراہم کی جانے والی فوری امداد کو خود چیک کروں۔اجلاس میں سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ فشریز ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک سندھ ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو، ڈائریکٹر جنرل سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ ڈاکٹر نذیر حسین کلہوری، ڈائریکٹر جنرل پولٹری پروڈکشن منور علی رانا، ڈائریکٹر جنرل میرین فشریز ڈاکٹر علی محمد مستوئی، ڈائریکٹر جنرل سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ ڈاکٹر نذیر حسین کلہوری نے بھی شرکت کی۔