

حیدرآباد شہر کی تاریخ میں پہلی بار سندھ حکومت کے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے زیرِ اہتمام گھڑ سواری کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مقابلے صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سردار محمد بخش مہر کی ہدایات پر منعقد کیے گئے۔ گھڑ سواری کے مقابلوں کے انعقاد میں سردار محمد خان جونیجو اور بابر کیریو نے بھرپور تعاون کیا جبکہ انتظامات کی نگرانی ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر حیدرآباد مریم کیریو نے کی۔ مقابلوں میں سندھ کی مشہور دیسی نسل سمیت کاٹھیاواڑی نسل، ہرزئی نسل اور بلوچستانی نسل کے تقریباً 150 گھوڑوں نے حصہ لیا، جنہیں دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر مریم کیریو نے کہا کہ حیدرآباد ایک بڑا تاریخی اور روایتی شہر ہے جہاں مختلف سرگرمیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن گھڑ سواری کے مقابلے شہر کی تاریخ میں پہلی بار منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کی خواہش ہے کہ حیدرآباد میں ایسی مثبت سرگرمیاں ہوں اسی سوچ کے تحت فیصلہ کیا گیا کہ ایسی سرگرمی کا آغاز کیا جائے جو اس سے قبل کبھی منعقد نہ ہوئی ہو۔مریم کیریو نے مزید بتایا کہ مقابلے میں وڈیروں سے لے کر عام شوقین افراد تک کے گھوڑے شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف معزز شخصیات اور سابق وزراء کے گھوڑے بھی مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں، اس موقع پر سردار محمد بخش جونیجو نے کہا کہ سندھ میں روایتی کھیلوں کا فروغ ہماری ثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے بے حد ضروری ہے، حیدرآباد میں گھڑ سواری کے مقابلوں کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں بس انہیں پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
بابر کیریو نے اپنے بیان میں کہا کہ گھڑ سواری صدیوں پرانا کھیل ہے جو سندھ کی ثقافت کا حصہ رہا ہے۔ ایسے مقابلے نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں بلکہ شہر کے لیے ایک خوشگوار اور صحت مند تفریح بھی فراہم کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے زیرِ اہتمام ونٹر اسپورٹس فیسٹیول2026 کے سلسلے میں کل بھی کوڈی کوڈی اور ونجھ وٽي کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جن میں سندھ کے مختلف علاقوں سے ٹیمیں حصہ لیں گی۔ تقریب کے اختتام پر منتظمین نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایسی سرگرمیوں میں فیملی کے ساتھ شرکت کریں اور کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
