
محکمہ بجلی کی منافع بخش کمپنیوں کی نجکاری کے حوالے سے واپڈا سی بی اے یونین کی درخواست پر چیئرمین NIRC نے وزارت توانائی پاور ڈویژن اور یونین ہذا کے مابین IRA-2012 کی دفعہ 36 کے تحت مصالحت کیلئے محترمہ صالحہ بشیر جوائنٹ رجسٹرار کو مصالحت کندہ مقرر فرمایا ہے جو دونوں فریقین کے مابین مذاکرات کا انتظام اور تصفیہ کروائینگی جسکے باعث مورخہ 26 جنوری سے یونین کے مطالبے پر ہونے والی ملک گیر ہڑتال کو فی الحال تاوقتیکہ حکم ثانی مؤخر کیا جارہا ہے تاکہ ادارے کا صنعتی ماحول پرامن رہے اور NIRC کی جانب سے مقرر کی گئی جوائنٹ رجسٹرار پر امن ماحول میں تصفیہ طلب اقدام کی مثبت انجام دہی کرسکیں ۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے لیبر ھال حیدرآباد میں یونین کے صوبائی رہنمائوں صوبائی سیکریٹری اقبال احمد خان ، اعظم خان، محمد حنیف خان، الادین قائمخانی، نور احمد نظامانی اور محترمہ ثروت جہاں سے ایک ہنگامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائد مزدور عبداللطیف نظامانی نے مزید کہا کہ یونین کی قیادت نجکاری کی ہر کوشش کو ناکام بنانے اور مزدوروں کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قانونی ، آئینی اور جمہوری اقدام اٹھانے کے لیے پُر عزم ہے ، اور اس جدوجہد میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ واپڈا سی بی اے یونین تمام عہدیداران اور معزز ممبران کو مطلع کیا جاتا ہے کہ چیئرمین انڈسٹریل ریلیشن کمیشن نے آئی آر اے 2012 کی سیکشن 36 کے تحت جوائنٹ رجسٹرار کو مفاہمت کار مقرر کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ سی بی اے یونین اور وزارتِ پاور ڈویژن کے مابین مفاہمت کے ذریعے معاہدہ کرانے کیلئے قانونی کاروائی عمل میں لائیں۔ اس سلسلے میں ہمارے مرکزی نمائندگان نے جوائنٹ رجسٹرار محترمہ صالحہ بشیر سے کمیشن کے دفتر میں ملاقات کی کہ جس میں جوائنٹ رجسٹرار محترمہ نے دونوں فریقین کو باقاعدہ قانونی نوٹس جاری کررہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پورا عمل قانونی اور آئینی دائرہ کار کے تحت انجام پا رہا ہے اور قانون کے مطابق مفاہمت کا ر پر لازم ہے کہ 15 دن کے اندر اندر دونوں فریقین کے درمیان مفاہمت کے ذریعے فیصلہ کرائے۔ اس دوران دونوں فریقین پر لازم ہے کہ وہ قانون کے تقاضوں کے مطابق مفاہمتی عمل کو سنجیدگی سے موقع دیں۔ لہذا تمام ساتھیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ہڑتال کی تیاری جاری رکھیں۔ مفاہمت کی ناکامی کی صورت میں ہڑتال کی کال پر عمل درآمد کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ اس موقع پر سندھ کے صوبائی جنرل سیکریٹری اقبال احمد خان نے تمام ساتھیوں سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ نظم وضبط قائم رکھیں افواہوں اور سازشی عناصر سے ہوشیار رہیں ، اور اپنی قیادت پر مکمل اعتماد برقرار رکھیں۔ لہذا تمام ساتھیوں سے درخواست ہے کہ آپ ہر وقت ہڑتال کیلئے تیار رہیں ، اگر مصالحتی مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے تو یونین کے اعلان کا انتظار فرمائیں اپنے اتحاد واتفاق کو مضبوط رکھیں تاکہ بجلی کی کمپنیوں کو نجکاری کے شکنجے سے بچایاجاسکے ۔
