حیدرآباد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II حیدرآباد صبا کلوڑ کی زیر صدارت فروری میں شروع ہونے والی سات روزہ انسداد پولیو مہم نیشنل امیونائزیشن ڈیز (NIDs) کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں ڈی ایچ او حیدرآباد پیر غلاحسین، صحت، تعلیم، پولیس، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں 2 فروری سے 8 فروری 2026 تک جاری رہنے والی قومی حفاظتی ٹیکہ جات مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بریفنگ دیتے سینیٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن آفیسر ڈاکٹر لبنیٰ اکبر نے بتایاکہ مدارس کے بچوں کی فہرستیں، حساس علاقوں کی ایڈیشنل میپنگ، ٹریننگ گیپس کی نشاندہی، 1166 ہیلپ لائن اور بارڈر ویلیڈیشن سمیت اہم تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔اجلاس کو مزید آگاھ کیا گیا کہ ضلع حیدرآباد میں پولیو وائرس کے دو ماحولیاتی سیمپلز مثبت آئے ہیں،جس سے ماحول میں پولیو وائرس زیر گردش ہے۔ ضلع میں چار تحصیلیں، 163 یونین کونسلز ہیں جبکہ مہم کے دوران 4 لاکھ 2 ہزار 238 پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کوانسداد پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے حاصلات کے لیے 1554 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں سے 95 فیصد کی تربیت مکمل ہو چکی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II صبا کلوڑ نے فیلڈ کوآرڈینیشن مزید مضبوط بنانے، تربیت کے معیار کو بہتر کرنے، مائیکرو پلاننگ پر بھرپور توجہ اور اسکولوں میں ویکسینیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں میں پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اہلکاروں کو تعینات کیاجائیگاجبکہ کم حساس علاقوں میں افسران اپنی صلاحیتوں سے پولیو ٹیموں کی رہنمائی کریں. انہوں نے مزید کہاکہ اس موذی مرض سے محفوظ رہنے کے لیے کمیونٹی کو چاہیے کہ وہ انسداد پولیو کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اوراپنے پانچ سال تک کے بچوں کو انسدادپولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ اس خطرناک بیماری کا جلد از جلد خاتمہ لایاجاسکے ۔
