سندھ میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ، مہم کے دوران ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائے گی
(رپورٹ سٹی اڈیٹر ڈاکٹر عبدالرحیم کراچی)
سندھ میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ، مہم کے دوران ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔وزیراعلیٰ نے چنیسر گوٹھ میں ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، انسدادِ پولیو مہم 2 فروری سے 8 فروری تک جاری رہے گی، جس میں تقریباً 80 ہزار فرنٹ لائن ورکرز حصہ لے رہے ہیں جبکہ پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے 21 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ واحد ممالک ہیں جہاں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے جبکہ ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہو رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کہ پولیو کے خلاف ہمیں جہاد کرنا ہے اور مل کر اس موذی مرض کو شکست دینی ہے۔مراد علی شاہ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ آنے والی نسل کو معذوری سے بچایا جا سکے۔انہوں نے علما کرام سے بھی درخواست کی کہ وہ انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے آگاہی پھیلائیں۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پولیو ویکسی نیشن کو عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی سرٹیفائی کیا ہے اور پولیو کے خاتمے کے لیے ہر سطح پر اقدامات جاری ہیں۔
