
کراچی:(رپورٹ: محمد حسین سومرو) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ضلع جامشورو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی درگاہ پر حاضری دی، چادر چڑھائی اور ملک کی سلامتی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔
دورے کے دوران آئی جی سندھ نے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر کیے گئے سیکیورٹی انتظامات اور مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے عرس کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات، مؤثر نظم و ضبط اور مثالی پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پولیس افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔
آئی جی پی سندھ نے عرس مبارک کے موقع پر شاندار سیکیورٹی انتظامات پر ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کو تعریفی سند پیش کی، جبکہ ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا اور ان کی پوری ٹیم کو بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی پر تعریفی اسناد سے نوازا۔
اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ بلوچستان میں افسوسناک واقعے کے تناظر میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا عرس ایک بڑا سیکیورٹی چیلنج تھا،تاہم سندھ پولیس نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عرس مبارک کا پرامن اور کامیاب انعقاد سندھ پولیس کی اجتماعی محنت اور تمام متعلقہ شعبہ جات کے باہمی تعاون کا مظہر ہے، جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
آئی جی سندھ نے دادو کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انصاف کے تمام تقاضے ہر صورت پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس کچے کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور اور بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھے گی اور کچہ ایریا کو مکمل طور پر کلیئر کر کے ریاستی رِٹ قائم کی جائے گی۔
انہوں نے جامشورو پولیس کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے قوی امید ظاہر کی کہ ضلع جامشورو سے جرائم کے ساتھ ساتھ منشیات کی لعنت اور اس سے وابستہ ناسوروں کا بھی مکمل خاتمہ کریگی۔
آئی جی پی سندھ نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر سیکیورٹی فرائض پر مامور افسران اور جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا تحفظ اور سلامتی سندھ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
